ریاض ( اردو نیوز رپورٹ ) پولیس نے اسلحہ کے زور پر کار چھیننے والے 2 مقامی افراد کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے چھینی گئی کار اور دیگر مسروقہ اشیاءبرآمد کر لی۔ ریاض پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ایک غیر ملکی نے پولیس کو رپورٹ کروائی کہ وہ الثمامہ علاقے سے گزر رہا تھا کہ شاہراہ پر کھڑے 2 افراد نے اسے مدد کے لئے روکنے کا اشارہ کیا ۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ جب اس نے گاڑی روکی تو دونوںمیں سے ایک نے پستول دکھا کر گاڑی سے اترنے کا اشارہ کیا جبکہ دوسرا شخص گاڑی کی عقبی سیٹ پر بیٹھ گیا اس نے چاقو پکڑا ہوا تھا جسے دکھا کر مجھے کار سے نیچے اترنے کا کہا ۔ ملزمان نے اس سے موبائل اور رقم بھی چھین لی اور گاڑ ی لیکر فرار ہو گئے ۔ پولیس ترجمان کاکہنا تھا کہ مدعی کی شکایت درج کرنے کے فوری بعد شہر میں گشت پرمامور تمام پولیس اہلکاروں کو چھینی گئی گاڑی کا نمبر اور دیگر تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات صادر کر دیئے ۔ رپورٹ درج کرنے کے کچھ ہی دیر بعد پولیس نے ملزمان کوگاڑی سمیت گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کی عمریں 30 برس کے قریب ہیں وہ سعودی شہری ہیں ۔ انکے قبضے سے چھینی گئی رقم اور موبائل فون بھی برآمد کر لئے گئے ۔ تھانے میں ملزمان کی شناخت پریڈ کروائی گئی جنہیں مدعی نے پہچان لیا ۔ دونوں ملزمان کے خلاف لوٹ مارکا مقدمہ درج کر کے انہیں تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا جہاں مزید تحقیقات جاری ہے ۔