Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ینبع کوسٹ گارڈ کی بروقت مداخلت ، پاکستانی بچی کو ڈوبنے سے بچا لیا

ساحلی تفریح پر جانے والے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں(فوٹو، ایکس)
ینبع میں کوسٹ گارڈز کی ٹیمیں بروقت ساحل پر پہنچ کر پاکستانی بچی کو ڈوبنے سے بچانے میں کامیاب رہیں۔ بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
سبق نیوز کے مطابق ینبع کے ساحلی علاقے کے کوسٹ گارڈ کے کنٹرول روم میں اطلاع ملی کہ ایک بچی جو پیراکی کررہی تھی ڈوب گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی کنٹرول روم نے فوری طورپر گشت پر موجود اہلکاروں کو جائے وقوعہ کی لوکیشن ارسال کی جہاں سے امدادی ٹیمیں بروقت وہاں پہنچ گئیں جنہوں نے بچی کو ڈوبنے سے بچایا اور ساحل پر لانے کے بعد اسے فوری طورپر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
کوسٹ گارڈ کی ایمبولینس کے ذریعے بچی کو تفصیلی طبی معائنہ اور علاج کےلیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔
اس ضمن میں ڈائریکٹ جنرل کوسٹ گارڈ کی جانب سے ساحلی تفریح کے لیے آنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پیراکی کے لیے مخصوص مقامات کا انتخاب  اورادارے کی جانب سے جاری کیے گئے سلامتی کے ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے۔

 

 

شیئر: