Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق

مشق ہلال الاحمر کے مرکزی آپریشن روم سے کنٹرول کی جا رہی تھی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہلال الاحمر نے حج ٹاسک فورس کے ساتھ  میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق کی ہے، جس کا مقصد اہلکاروں کو عملی طور پر کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تربیت فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ہنگامی حالت سے نمنٹے کے سلسلے میں کی جانے والی مشق ہلال الاحمر کے مرکزی آپریشن روم سے کنٹرول کی جا رہی تھی۔

مشق کا مقصد ایام حج میں ہلال الاحمر کے یونٹس کو تیار رکھنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

آپریشن روم کو اطلاع ملی کہ وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ کے ایئرکنڈیشننگ یونٹ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی جس کے باعث وہاں موجود حجاج تیزی سے باہرنکلنے کی کوشش میں بھگدڑ کا شکار ہو گئے۔ 
کنٹرول روم نے اطلاع ملنے پرفوری طور پر قریب ترین موجود ہلال الاحمر کے ہنگامی یونٹس کو جائے وقوعہ پر بھیجا جنہوں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ 

ہنگامی یونٹس نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

مشق کا مقصد ایام حج میں ہلال الاحمر کے یونٹس کو ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رکھنا اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔ 
واضح رہے حج ایام سے قبل ہلال الاحمر، شہری دفاع اور حج ٹاسک فورسز کی جانب سے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے عملی مشقیں کرائی جاتی ہیں تاکہ امدادی یونٹس کے اہلکاروں کو ہرقسم کی عملی تربیت دی جا سکے۔   

شیئر: