Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو پی ، افسران کے گھروں پر چھاپے ،کروڑوں روپے برآمد

نئی دہلی...محکمہ انکم ٹیکس نے یوپی کے اعلیٰ افسران کے مکانوں پر چھاپے مارے ہیں جہاں سے انہوں نے کروڑو ں روپے برآمد کرلئے جو کالا دھن بتایا جاتا ہے۔ انکم ٹیکس کی متعدد ٹیموں نے یہ چھاپے پہلے کانپور اور پھر اس کے بعد نوئیڈا میں مارے۔ جن افسران کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ان میں نوائیڈا اتھارٹی کے او ایس ڈی یشپال تیاگی شامل ہیں ۔ اس بات کی توقع ہے کہ ان چھاپوں میں بلڈرز اور سیاسی لیڈرو ں کے نیٹ ورک کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔ محکمہ کی ٹیموں نے کانپور اور نوئیڈا دونوں جگہ کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی غیر منقولہ املاک کی دستاویزات بھی پکڑ لیں۔ سابق وزیراعلیٰ مایاوتی کے دور حکومت میں یشپال تیاگی اور مایاوتی کے بھائی آنند کے درمیان کافی قربت تھی ۔ الزام ہے کہ گریٹر نوائیڈا اور جمنا ایکسپریس وے کے الاٹمنٹ میں آنند کا کردار رہا ہے۔ نوئیڈا اتھارٹی کے سابق چیئرمین مہندر سنگھ کے معتمدین میں شامل یشپال اتھارٹی میں او ایس ڈی ہونے کے باوجود 150 فارم ہا وسز اور 300 کارپوریٹ دفاتر کے الاٹمنٹ میں بھی ایجنٹ کے طور پر کام کررہے تھے۔ کانپور میں ریجنل ٹرانسپورٹ دفتر کے ایک افسر کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ جہاں سے محکمہ کو 87 لاکھ روپے کے نئے کرنسی نوٹ ملے ۔لکھن پور میں کمرشل ٹیکس کے ایڈیشنل کمشنر کیشولال کے گھر چھاپہ مارا گیا ۔ 10 کروڑ روپے برآمد کئے گئے۔ اس طرح انکم ٹیکس ٹیموں نے مجموعی طور سے 11کروڑ روپے ضبط کئے ۔ 

 

شیئر: