نئی دہلی۔۔۔۔آپ پارٹی کے سربراہ کیجریوال نے کہا کہ جب سے میونسپل کمیٹی دہلی کے انتخاب کا اعلان ہوا ہے تب سے ہی دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر اور ان کے درمیان تعلقات میں تناؤپیدا ہوا ہے۔ایک انٹرویومیں ان کا کہنا تھا کہ مارچ تک نئے گورنر کے ساتھ ہمارے تعلقات بڑے خوشگوار تھے۔ انہوں نے کئی منصوبوں کی منظوری بھی دی لیکن اب ساری فائلیں لیفٹیننٹ گورنر نے منگوالیں جبکہ منتخب حکومت کی حیثیت محض مشاورتی ادارے کی رہ گئی۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 15دنوں میں حکومت اور گورنرکے تعلقات زیادہ خراب ہوئے۔واضح رہے کہ دہلی میں آپ کی حکومت اور سابق گور نر نجیب جنگ کے درمیان شروع سے ہی کشیدگی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے کوئی اشتعال انگیزی نہیں کی جاتی ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ہم ان کی تعریف ہی کرتے رہے لیکن پچھلے 15دن سے گورنر ہی تعلقات کو کشیدہ کررہے ہیں۔