Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب اور قازقستان کے درمیان 13 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

مفاہتمی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب اور قازقستان نے اتوار کو جدہ میں 13 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے۔  فریقین نے سعودی قازقستانی سرمایہ کاری فورم کے دوران صدر قاسم جومارٹ توکایف اور دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں، بڑی کمپنیوں کے سربراہوں و عہدیداروں اور وزرا کی موجودگی میں  مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
ایس پی اے اور الشرق الاوسط کے مطابق دونوں ملکوں کے سرکاری اور پبلک سیکٹرز کے درمیان توانائی، کھیلوں، سیاحت، میڈیا، نیوز ایجنسی، خوراک، زراعت اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کے ضابطے طے  پائے۔

اس موقع پر مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ (فوٹو ایس پی اے)

فریقین نے سرمایہ کاری فورم میں سرمایہ کاری شراکت کا دائرہ وسیع کرنے، مملکت میں سرمایہ  کاری کے اہم امکانات کا جائزہ لینے اور اہم شعبوں میں اہم منصوبوں کے ذریعے مشترکہ منصوبوں کا سلسلہ بڑھانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
فورم کے شرکا نے دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان شراکت کی جڑیں گہری کرنے اور ایک دوسرے کے یہاں سرمایہ کاری کی مہم جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس سلسلے میں پٹروکیمیکل، جدت پذیر توانائی، زراعت، سیاحت، ٹرانسپورٹ، لاجسکٹ  خدمات اور کھ۔یلوں کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
فورم کے پہلو بہ پہلو دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں، کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے سرمایہ کاری شراکت اور تعاون کے  طور طریقوں کا جائزہ لیا۔ تجربات کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے مہیا مواقع پر غوروخوض کیا۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی مفید ملاقات ہوئی۔ (فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے کہ سعودی قازق سرمایہ کاری فورم دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی 31 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد دونوں ملکوں کے اقتصادی و سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
قازقستان کے صدر سے جدہ میں ان کی رہائش پر سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر یاسر الرمیان نے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، وزیر ماحولیات و پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی کی موجودگی میں ملاقات کی۔ انہوں نے شراکت و تعاون کے  طور طریقوں اور دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کے بارے میں بات چیت کی۔
دوسری جانب قازقستان کے صدر سے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے ملاقات کی۔ انہوں نے خطے کے ممالک سمیت دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ، او آئی سی اور اس کے رکن ملکوں کے مفادات کی نگہداشت سمیت باہمی دلچسپی کے کئی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

قازقستان کے صدر کی آئی ڈی بی کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی۔ (فوٹو ایس پی اے)

قازقستان کے صدر  سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے فریقین کے درمیان تعاون کے فروغ پر بات چیت کی۔ صدر نے قازقستان کے ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ میں آئی ڈی بی کے کردار کو قابل قدر بتایا۔ انہوں نے کہا کہ بینک کے ساتھ ہماری شراکت معتبر ہے۔
الجاسر نے کہا کہ آئی ڈی بی ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے رکن ملکوں کی مسلسل مدد پر پوری طرح سے کمربستہ تھا، ہے اور رہے گا۔
قازقستان کی حکومت  قومی پروگرام کے تحت ایک ہزار نئے سکول 2025 تک 5 شہروں میں تعلیمی کلینکس، 11 ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر نو اور  27 شہروں میں 53 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر نو کا پروگرام بنائے ہوئے ہے۔ آئی ڈی بی  نے قازقستان کے پروگراموں میں اپنا کردار ادا کرنے کا اطمینان دلایا۔ بینک، قازقستان کے  لیے مارچ  2022 کے دوران  1.6 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی منظوری دیے ہوئے ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: