Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی سی سی کانفرنس کے لیے منفرد گول میز تیار کرنے والی سعودی آرٹسٹ

عالمی رہنماؤں کو میز کے اطراف بیٹھے دیکھ کر انتہائی فخر محسوس ہوا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی آرٹسٹ لولوہ الحمود نے جدہ میں منعقد ہونے والے حالیہ جی سی سی  سربراہی اجلاس کے لیے تیار کی جانے والی  منفرد گول میزکی ڈیزائننگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی ) کے اجلاس میں رکن ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، عمان، کویت اور قطر کےعلاوہ  اردن، مصر اور عراقی رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی تھی۔

اس ڈیزائن کے پیچھے خیال کچھ ایسی تخلیق تھا جو روایات سے جڑا ہوا ہو۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی آرٹسٹ لولوہ الحمود نے بتایا ہے کہ جی سی سی اجلاس میں شامل رہنماؤں کو اس گول میز کے اطراف بیٹھے دیکھ کر میں انتہائی فخر محسوس کر رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس میز کا ڈیزائن سعودی عرب میں ہونے والی جدید تبدیلیوں سے متاثر ہے جس کا مرکزی خیال یہ تھا کہ ہم نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں لیکن اپنی روایات کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
سعودی فنکارہ نے بتایا کہ منفرد میز کا ڈیزائن تیار کرنے کے چیلنج کو قبول کرنے کے بعد ابتدا میں وہ  گھبرا گئی تھیں لیکن اسلامی عصری فن اور اس میں خطاطی  کے پس منظر نے ان کی مدد کی۔

میز کا ڈیزائن تیار کرنے کا چیلنج  قبول کر کے ابتدا میں گھبرا گئی تھی۔ فوٹو ٹوئٹر

لولوہ الحمود نے بتایا کہ حالانکہ میں فرنیچر ڈیزائنر نہیں  تاہم یہ  ایک بہت ہی منفرد اور خوبصورت تجربہ  ثابت ہوا۔
اجلاس کے لیے تیار کی گئی گول میز لکڑی سے بنی ہے اور اس کے بیچ میں  مختلف رنگوں کے مثلث ہیں جو تانبے اور دوسری دھات سے بنی لکیروں کے ساتھ باہر کی طرف گھومتے ہیں۔ یہ ڈیزائن سعودی ورثے سے مطابقت رکھتا ہے۔
الحمود ہ نے اس ڈیزائن  کی تیاری میں جیومیٹرک ڈیزائن اورمثلث کا  خاص طور پر انتخاب کیا کیونکہ یہ شکل روایتی سعودی فن تعمیر میں عام  ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جیومیٹرک ڈیزائن کے ساتھ ہی میں ترقی اور ارتقاء کے عمل کو بھی  ظاہر کرنا چاہتی تھی۔

میرا تیاار کردہ یہ ڈیزائن سعودی ورثے سے مطابقت رکھتا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

اس ڈیزائن کے پیچھے خیال کچھ ایسی تخلیق کرنا تھا جو کہ ہماری روایات سے جڑے رہنے کے باوجود سعودی وژن کی نمائندگی کرے۔
سعودی آرٹسٹ اس کام سے انتہائی خوش  ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ اس میز کی تیاری کے لیے دنیا کے کسی بھی بہترین فرنیچر ڈیزائنر کی خدمات حاصل کی جا سکتی تھیں لیکن اس کے لیے مقامی ٹیلنٹ پر اعتماد کا انتخاب کیا۔
سعودی آرٹسٹ لولوہ الحمود اپنے فن پاروں کی اب تک نو نمائشیں کر چکی ہیں۔ان کے تیار کردہ منفرد شاہکار برٹش میوزیم، جنوبی کوریا کے نیشنل میوزیم، ہالینڈ کے گرین باکس میوزیم اورلاس اینجلس میں قائم کاؤنٹی میوزیم میں رکھے گئے ہیں۔
 

شیئر: