Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چالیس ہزار سے زائد معذورحجاج مختلف خدمات سے مستفیض ہوئے

حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امسال حج سیزن کے دوران 40 ہزار سے زائد معذورحجاج کومختلف خدمات فراہم کی گئیں۔
 عاجل ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ کے ماتحت معذوروں کے امور کے نگراں ادارے کے انچارج احمد البرکاتی کا مزید کہنا تھا کہ حرمین شریفین انتظامیہ نے گونگوں، بہروں اور ذہنی معذوروں کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے تھے۔
مسجد الحرام میں بہروں کے لیے بریل سسٹم میں رہنمائی کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ ان کے لیے سپیشل لٹریچر بھی تیار کیا گیا تھا۔ 
البرکاتی نے بتایا کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ نے معذور حجاج کو 8400 تحائف بھی پیش کیے۔ انہیں 8500 سے زیادہ خوراک پیکٹ دیے گئے۔ 3700 سے زیادہ رہنما نقشے  مہیا کیے گئے۔ 6300 حاجیوں کو جی پی ایس کی سہولت دی گئی۔ انتظامیہ نے 2540 سے زیادہ کو اشاروں کی زبان میں رہنمائی فراہم کی۔  
انتظامیہ نے مسجد الحرام کی پہلی منزل پر اجیاد پل کے سامنے سپیشل مصلی مہیا کیا۔ اس کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں تاکہ عام حجاج وہاں نہ جاسکیں اور صرف معذور افراد اس سے استفادہ کریں۔ 
انتظامیہ نے الیکٹرانک زینوں، دروازوں اور ٹریکس کا بھی اہتمام کیا تھا۔ یہ سب معذوروں کے آنے جانے کے لیے خاص تھے۔
 البرکاتی نےبتایا  کہ انتظامیہ نے حج گائیڈ، عمرہ گائیڈ کے علاوہ دینی آگہی والی کتابیں خصوصا دہشت گردی اور اسلام کے حوالے سے خصوصی کتابیں بریل سسٹم پر نابینا حجاج کو مہیا کیں۔ 

شیئر: