Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاشی بحران سے نکلنے کےلئے حکومت کمپنیوں کو قرضے دے گی، وزیر خزانہ

  جدہ.... وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ زیادہ ملازمین رکھنے والی کمپنیوں کو معاشی بحران سے نکلنے کے لئے حکومت قرضے دے گی۔ حکومتی قرضے منافع سے پاک ہوں گے۔ یہ اقدام تیل قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی ابتری سے نکالنے کے لئے اٹھایا جائے گا۔ وہ عالمی بینک کی کانفرنس کے اختتام پر مغربی میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے سے وابستہ افراد کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کا سلسلہ سال رواں دوسری چوتھائی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو دیئے جانے والے قرضوں سے کمپنیوں کو واجبات ادا کرنے میں آسانی ہوگی نیز مندی کے باعث پیدا ہونے والی گرانی پر قابو پایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے میں تیزی کی خواہشمند ہے۔ آئندہ دنوں حکومت نجی شعبے سے وابستہ سرکردہ افراد کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کرے گی جس میں نئے منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے علاوہ نئے لائسنس جاری کرنے کی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب 9بلین ڈالر کے بانڈز جاری کرے گا۔ یہ اقدام محفوظ ذخائر کو استعمال کرنے سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخراجات میں بچت کی پالیسی اختیار کرنے سے رواں سال کے دوران 17بلین ریال کی بچت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں منتخب اشیاءپر ٹیکس کا نفاذ یکم جنوری سے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب اشیاءپر ٹیکس کے نفاذ کے لئے سعودی عرب بالکل تیار ہے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ ٹیکس کے نفاذ میں دیگر خلیجی ممالک کا انتظار نہ کرنا پڑے۔

شیئر: