Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

استعمال شدہ احرام سے دوبارہ استفادے کا منصوبہ

استعمال شدہ احراموں کو سینیٹائزکرنے کے بعد دھویا جاتا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کچرے کے امور کے نگراں قومی مرکز ’موان‘ نے کہا ہے کہ حج 1443ھ میں استعمال ہونے والی احرام کی چادروں کے دوبارہ استفادے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق ’موان‘ نے کہا ہے کہ احرام کی چادروں سے دوبارہ استفادے کے پروجیکٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ اس کا آغاز حاجیوں کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
حجاج سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ استعمال شدہ احرام حوالے کر دیں۔ انہیں بتایا گیا تھا کہ احرام کی چادریں دوبارہ استعمال کرنے کے لیے انہیں کلیننگ و سینیٹائزنگ کے مراحل سے گزارا جائے گا۔ 
’موان‘ نے اس حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حاجیوں کے خیموں سے احرام جمع کیے جا رہے ہیں۔
جمع شدہ احراموں کی درجہ بندی کی جاتی ہے بعدازاں انہیں سینیٹائز کر کے دھونے کے بعد شفاف تھیلوں میں رکھا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں احرام کی ایسی چادروں کو جو خراب ہو گئی ہوں ٹھیک کیا جاتا ہے۔ 
’موان‘ نے حج موسم 1443ھ کے دوران ایک مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت حاجیوں کے حلقوں میں یہ شعور بیدار کیا جا رہا تھا کہ حج میں استعمال ہونے والی احرام کی چادریں معمولی کاوش کی بدولت دوبارہ قابل استعمال ہو سکتی ہیں۔
اگر انہیں ایسے ہی پھینک دیا جائے تو ایسی صورت میں ماحولیاتی آلودگی بھی پیدا ہوتی ہے اور ایک قابل استعمال نعمت کو ضائع بھی کر دیا جاتا ہے جبکہ انہیں استعمال کے بعد پھینک دینے کے بجائے متعلقہ ادارے کے حوالے کرنے سے دوبارہ قابل استعمال بنایا جا سکتا ہے۔ 

شیئر: