مدینہ میں 9 غیرملکی گداگر گرفتار
گداگری کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ مہم جاری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مدینہ منورہ کے متعلقہ حکام نے شاہراہوں اور تجارتی مراکز کے سامنے بھیک مانگنے والی ایتھوپیا کی سات مقیم خواتین کو گرفتار کر لیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے سکیورٹی ادارے ان دنوں مملکت بھر میں گداگروں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ پارکنگ لاٹس، مالز، تجارتی مراکز کے سامنے، سڑکوں اور مساجد کے اطراف گداگروں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
محکمہ امن عامہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’مل کر گداگری کا انسداد کریں‘ کے عنوان سے خصوصی مہم چلائی ہوئی ہے۔
محکمہ امن عامہ نے بتایا کہ پبلک مقامات پر گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے بھیک مانگنے والے دو پاکستانی شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ اگر مکہ مکرمہ اور ریاض ریجنوں میں انہیں کوئی شخص بھیک مانگتے ہوئے نظر آئے تو 911 اور مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 پر رپورٹ کر دیں۔ گداگری سنگین مسئلہ ہے اس کے انسداد میں سب کا تعاون ضروری ہے۔