Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سکیورٹی تعاون بڑھایا جائے گا‘، رانا ثنااللہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

رانا ثنااللہ آج کل سعودی عرب کے دورے پر ہیں (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے جدہ میں سعودی ہم منصب ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو پاکستان کی وزارت داخلہ کے بیان میں بتایا گیا کہ رانا ثنااللہ جو آج کل سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جب سعودی وزارت داخلہ پہنچے تو ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے موقع پر سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر خرم راٹھور بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
اسی طرح مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان رابطہ کاری مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
 اس موقع پر رانا ثنااللہ نے حج 2022 کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر اپنے ہم منصب کو خصوصی مبارک باد بھی دی اور روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی داخلہ کی وزارتوں کے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔‘
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر تمام داخلی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔
ان کے مطابق ’پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ ہیں۔‘
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی فراخدلانہ مدد کی ہے۔
انہوں نے حج کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت اور خادمین حرمین شریفین کو مبارک باد پیش کی اور شکریہ بھی ادا کیا۔

شیئر: