Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے مزید دو علاقوں کے رہائشیوں کو نوٹس، انہدام یکم اکتوبر سے

اب تک جدہ کے 32 محلوں میں سے 29 کو گرایا جاچکا ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جدہ ترقیاتی کمیٹی کی جانب سے غیرمنظم محلوں کے انہدام کا کام جاری ہے۔ ’العدل‘ اور’الفضل‘ محلوں کے رہنے والوں کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ 
سبق نیوز کے مطابق ’العدل‘ اور ’الفضل‘ محلوں کو گرانے کی کارروائی یکم اکتوبرسے شروع کی جائے گی۔
اس حوالے سے مقررہ کمیٹی کی جانب سے ان علاقوں کے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے لیے کام جاری ہے۔
انخلا کمیٹی کی جانب سے وہ علاقے جو منہدم کیے جاتے ہیں وہاں مقیم شہریوں کو نقل مکانی کی لاجسٹک خدمات کے علاوہ ان کے لیے اشیائے خورونوش کا بھی بندوبست کیا جاتا ہے جبکہ وہ مکان مالکان جن کے پاس گھروں کی لیز ہے جب تک ان کے کلیم پرعمل نہ ہو انہیں عارضی رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ 
یاد رہے کہ جدہ میں کچی بستیوں کے انہدام اور تعمیرنو کی کمیٹی نے انہدام کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے العدل اور الفضل محلوں میں عمارتیں خالی کرنے کی تاریخ 27 اگست مقررکی تھی۔10 ستمبر سے وہاں مہیا سہولتیں ختم کرنے کا آغاز ہوگا۔
یکم اکتوبر سے انہدام کی کارروائی شروع کی جائے گی جو 22 اکتوبر کو مکمل  ہوگی جبکہ 22 جنوری 2023 تک سارا ملبہ صاف کر دیا جائے گا۔
ام السلم اور کلو 14 شمالی  کے محلوں کے رہائشیوں کو 17 ستمبرکو عمارتیں خالی کرنے کا نوٹس ملے گا۔ یکم اکتوبر کو بجلی، پانی وغیرہ کی سہولتیں ختم کی جائیں گی۔ انہدام کی شروعات 15 اکتوبرسے ہوگی اور 29 اکتوبر کو کارروائی مکمل کرلی جائے گی جبکہ 29 جنوری 2023 تک سارا ملبہ اٹھالیا جائے گا۔
واضح رہے اب تک جدہ کے 32 محلوں میں سے 29 محلوں کوگرایا جاچکا ہے جبکہ تین محلوں کوگرانے کا عمل اکتوبر کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔ 

شیئر: