Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ میں انڈیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے لیکن یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں انڈیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔
اتوار کی رات کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔
پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
انڈیا کی جیت میں ہاردک پانڈیا نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے 33 رنز سکور کیے۔ آخری اوور کے چوتھی گیند پر پانڈیا نے چھکا لگا کر انڈیا کو فتح سے ہمکنار کیا۔
 کے ایل راہل اور روہت شرما نے انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کے ایل راہل کو بولڈ آؤٹ کیا۔
فخر زمان نے نسیم شاہ ہی اگلی گیند پر وراٹ کوہلی کا اہم  کیچ ڈراپ کیا جس کے بعد کوہلی 35 اہم رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
انڈیا کی دوسری وکٹ 50 رنز پر گری جب محمد نواز کی گیند پر روہت شرما کیچ آؤٹ ہوئے۔

رویندر جڈیجا 35 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا کی تیسری وکٹ 53 رنز پر گری۔ محمد نواز کی گیند پر وراٹ کوہلی 35 رنز بنا کر افتخار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
انڈیا کی چوتھا نقصان سوریا کمار کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں نسیم نے بولڈ آؤٹ کیا۔  رویندر جڈیجا 35 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین اور نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی بلے باز انڈین بولرز کی شارٹ پچ بولز سے پریشان رہے اور وکٹیں گنواتے رہے۔ محمد رضوان 43 اور افتخار احمد نے 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
انڈیا کی جانب سے بھونیشور کمار نے چار اور ہاردک پانڈیا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز کا احوال

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا محتاط آغاز کیا۔ تیسرے اوور میں بابر اعظم صرف 10 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی ایک شارٹ پچ پر کیچ تھما بیٹھے۔ 
فخر زمان اور رضوان نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا پر فخر صرف 10 رنز بنا کر اوش خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
افتخار احمد اور محمد رضوان کے درمیان 45 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد افتخار احمد 28 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
گرین شرٹس کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے۔ وہ 42 گیندوں پر 43 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کا شکار بنے۔
15 ویں اوور کی تیسری ہی گیند پر ہاردک پانڈیا نے خوشدل شاہ کو بھی پویلین روانہ کر دیا۔
چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹر آصف علی تھے۔ وہ کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور چھکا مارنے کی کوشش میں بھونیشور کمار کی گیند پر سوریا کمار یادو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز صرف ایک رنز بنا کر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 10 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اگلی گیند پر کمار نے نسیم شاہ کو بھی آؤٹ کر دیا۔
پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہنواز دھانی تھے انہوں نے چھ گیندوں پر 16 رنز بنائے۔

کے ایل رایل کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انڈین کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر کہا کہ میرے خیال میں ٹاس کی اتنی اہمیت نہیں ہے۔ ہم یہاں کافی سالوں سے کھیل رہے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے لیکن یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔
گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن اپ میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، خوشدل شاہ، آصف علی اور افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہنواز دھانی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
انڈیا کی ٹیم میں روہت شرما، کے ایل راہل، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادو، دنیش کارتک، ہاردک پانڈیا، رویندر جدیجہ، بھونیشور کمار، چاہل، اوش خان اور ارشدیپ سنگھ شامل ہیں۔
انڈین بیٹر وراٹ کوہلی آج اپنے کیریئر کا 100 واں ٹی20 میچ کھیل رہے ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی روز ٹیلر کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں جو کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 100 میچ کھیل چکے ہیں۔

محمد نواز نے دو وکٹیں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی) 

اس میچ میں سٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور جسپریرت بھمرا ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیونکہ دونوں انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ آج پاکستان کی جانب سے اپنے کیریئر کا پہلا انٹرنیشنل ٹی20 میچ کھیل رہے ہیں۔۔
پاکستان کے ساتھ گروپ اے میں انڈیا اور ہانگ کانگ جب کہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔
ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
خیال رہے سنیچر کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے رحمان اللہ گرباز اور حضرت اللہ زازئی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو آسانی سے شکست دے دی تھی۔  

شیئر: