Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچ ایشیا کپ جیتنے والا سری لنکا اس بار کس پوزیشن میں ہے؟

سری لنکا کی ٹیم پانچ بار ایشیا کپ جیت چکی ہے (فوٹو: کرکٹ ڈاٹ کام)
سری لنکن کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں سب سے زیادہ کامیابیاں سمیٹنے والی دوسری ٹیم ہے۔
ریکارڈ کے مطابق یہ ٹیم پانچ مرتبہ ایشیا کپ جیت چکی ہے۔
یہ ٹیم سنہ 1986، 1997، 2004، 2008 اور 2014 میں ایشیا کپ اپنے نام کر چکی ہے چھ مرتبہ ایشیا کپ کی رنر اپ بھی رہی ہے۔
سری لنکن ٹیم کے بارے میں ایک اور اہم بات یہ ہے کہ یہ تین بار اپنے ہوم گراؤنڈ پر چیمپیئن بنی ہے جبکہ ایک مرتبہ بنگلہ دیش اور ایک مرتبہ پاکستان ایشیا کپ جیتا ہے۔
سری لنکن ٹیم 2014 تک سب سے زیادہ ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم تھی، تاہم 2016 اور 2018 کے ایشیا کپ میں انڈیا کی مسلسل فتوحات نے سری لنکا سے یہ اعزاز چھین لیا۔
سری لنکا کی ٹیم جہاں بطور ٹیم ایشیا کپ میں کارکردگی شاندار دکھاتی رہی ہے وہیں اس کے کھلاڑیوں کی انفرادی طور پر بھی کارکردگی نہایت عمدہ رہی ہے۔

 


ایشیا کپ میں سری لنکن ٹیم چھ بار رنر اپ بھی رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ایشیا کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی اسی کے بلے باز سنتھ جایا سوریا کے پاس ہے۔
سنتھ جایا سوریا نے ایشیا کپ کے 25 میچوں میں چھ سینچریوں اور تین نصف سینچریوں کی مدد سے 53 کی اوسط کے ساتھ 1220 رنز بنائے ہیں۔
اسی طرح کسی ایک ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی سنتھ جایاسوریا کے پاس ہے، جنھوں نے 2008 میں پاکستان میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں 378 رنز بنائے تھے۔
اگر بولرز کی بات کی جائے تو سری لنکا کے جادوگر سپنر متھایا مرلی دھرن ایشیا کپ کے 24 میچز میں 30 وکٹیں حاصل کرکے سب سے آگے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر بھی سری لنکا ہی کے لاسیتھ ملنگا ہیں جنھوں نے 14 میچز میں 29 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ایشیا کپ میں سب سے زیادہ ففٹیز بنانے کا ریکارڈ بھی سری لنکا کے ہی پاس ہے۔
اس  کے وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان کُمار سنگاکارا نے ایشیا کپ میں کُل 12 سینچریاں بنا رکھی ہیں۔

اس طرح اس کے آف سپنر اجھنتا مینڈس ایشیا کپ میں سب سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں۔


2016 اور 2018 کی فتوحات کے بعد انڈیا نے سری لنکا سے سب سے زیادہ ایشیا کپ جیتے کا اعزاز چھین لیا تھا (فوٹو: اے پی)

سنہ 2008 میں پاکستان میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں اجنتھا مینڈس نے 13 سکور دے کر چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ایشیا کپ کے لیے اہم کھلاڑی

ایونٹ کے لیے سری لنکن ٹیم پر نظر ڈالی تو ماضی کے مقابلے میں نسبتاً کمزور دکھائی دیتی ہے تاہم اس میں ٹی 20 کے کچھ سپشلسٹ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
ایشیا کپ میں ٹیم کی بیٹنگ کا انحصار اپنے کپتان داسن شناکا، دھننجایا ڈی سلوا اور سینیئر بلے باز دینیش چندیمل پر ہوگا جبکہ بولنگ میں ٹیم کی توقعات مہیش تھیکشانا، دلشان مدھوشنکا اور سٹار آل راؤنڈر ونیندو ہاسارانگا سے وابستہ ہوں گی۔

 

سری لنکا کے میچ 

سنیچر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ میں سری لنکا اپنا پہلا میچ 27 اگست کو دبئی میں افغانستان کے خلاف کھیلے گا جبکہ اس کا دوسرا میچ یکم ستمبر کو دبئی ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔
 

شیئر: