Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزے پر آنے والوں کا ابشر اکاؤنٹ بن سکتا ہے؟

ابشرسروس سے قبل محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر جانا پڑتا تھا (فوٹو ٹوئٹر)
 سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام سرکاری معاملات کوڈیجیٹل طریقے سے پیش کیاجاتا ہے۔ 
ڈیجیٹلائزیشن کی وجہ سے معاملات کافی آسان ہوگئے ہیں جبکہ اس سے قبل اقامے کی تجدید اور خروج وعودہ وغیرہ کا اجرا کافی دشوار ہوا کرتا تھا۔ 
ابشراکاونٹ ہر شخص کا بنانا لازمی ہے خواہ سعودی شہری ہوں یا مقیم غیر ملکی تمام افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنا اکاؤنٹ ابشر پورٹل پر بنائیں۔ 
۔۔۔۔  ابشر سروس کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت ‘کیا وزٹ ویزے پر آنے والا اپنا ابشراکاونٹ بنا سکتا ہے؟‘  
اس حوالے سے جوازات کے پورٹل ابشر کی جانب سے جواب دیا گیا کہ وزٹ ویزے پر آنے والے اپنا ابشر اکاونٹ بنا سکتے ہیں۔ ابشر اکاونٹ کے ذریعے ان کے تمام قانونی معاملات انجام دیئے جاسکتے ہیں۔  
واضح رہے وزارت داخلہ کی جانب سے ڈیجیٹل طریقے سے خدمات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیے جاتے ہیں جن میں سب سے معروف اور ضروری پلیٹ فارم ‘ابشر’ ہے۔  
ابشر پلیٹ فارم پرہر سعودی شہری اور یہاں رہنے والے غیر ملکی کا اکاونٹ بنانا لازمی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے سرکاری معاملات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ابشر پلیٹ فارم کی سہولت فراہم کر رکھی ہے۔  
شخصی معاملات کی انجام دہی کے لیے ‘ابشر’ پلیٹ فارم استعمال کیا جاتا ہے جبکہ تجارتی یا کمپنیوں کے لیے ‘مقیم’ مخصوص ہے۔  
ابشرمیں اکاونٹ بنانےکے لیےاقامہ ہولڈر کے علاوہ وزٹ ویزے پر آنے والوں کو بھی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ وزیٹرز کو یہ سہولت ان کے پاسپورٹ نمبر اور مملکت میں داخل ہونے کے بعد جاری کیا جانے والا امیگریشن انٹری نمبر کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔ 

ابشر اکاؤنٹ بنانے کے لیے مختلف مالز میں سہولت موجود ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

ابشر اکاونٹ بنانے کے مختلف طریقے ہیں جن میں سب سے بہتر طریقہ جوازات کے دفتر یا مختلف مقامات پرنصب کی گئی جوازات کے خود کار کمپیوٹرز کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ 
دوسرا طریقہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے بھی کیا جاسکتا ہے  جبکہ تیسرا طریقہ جوازات کے پورٹل پر لاگ ان کرکے وہاں اپنا اکاؤنٹ بنانے کے لیے معلومات فیڈ کی جائیں جس کے بعد جوازات کی جانب سے نصب میشنوں پر فنگرپرنٹ اور آئی اسکینگ کرکے اکاؤنٹ کو اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے۔ 
واضح رہے ابشر  اکاؤنٹ بنانے سے کافی سہولت ہوتی ہے جس کے بعد تمام معاملات ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیے جاسکتے ہیں جن میں وزٹ ویزے کی توسیع اور دیگر معاملات شامل ہیں جبکہ ابشر اکاؤنٹ کی سہولت سے قبل جوازات کے دفترجانا پڑتا تھا مگر اس سہولت کے بعد جوازات کے دفترجانے کی ضرورت نہیں رہی اور گھر بیٹھے ہی تمام معاملات انجام دیئے جاسکتے ہیں۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: