Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں تھیٹر اورپرفارمنگ آرٹس مہم کا آغاز

تفریحی پروگرامز کا سلسلہ 14 نومبر تک جاری رہے گا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت ریاض میں تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی کی جانب سے نئی مہم ’نحییہ و نحییہ‘ کے عنوان سے شروع کی گئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مہم کے تحت روایتی فنون، سرکس، تھیٹر اور تفریحی سرگرمیوں کے ذریعے عوام کو ثقافتی تجربات سے روشناس کرایا جارہا ہے۔
مہم کے تحت شروع کی جانے والی سرگرمیوں کا آغاز ریاض کے ’یوواک کمپلیکس‘ میں کیا گیا، جہاں روایتی فنون کے مظاہرے، سرکس اور دیگر انٹرایکٹو پروگرام پیش کیے گئے۔
تفریحی و تھیٹرسرگرمیوں کا مقصد نہ صرف اہلیان ریاض بلکہ دیگر علاقوں اور شہروں سے آنے والوں کو فنون لطیفہ سے قریب لانا اور انہیں مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
مہم کے تحت جاری متنوع سرگرمیاں جن میں ’کردارنبھائیں‘ ، ’گڑیوں کے قصے‘، ’چہرے و کردار‘ وغیرہ کے عنوان سے مختلف پروگرامز پیش کیے جائیں گے، جن کے ذریعے شرکا کو تھیٹر کی دنیا اور اس کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا جارہا ہے۔

مختلف شہروں کے بعد جدہ میں بھی خصوصی شوز ہوں گے(فوٹو، ایس پی اے )

تفریحی سرگرمیوں کا سلسلہ 14 نومبر تک جاری رہے گا۔ ریاض کے بعد مہم دمام ، بریدہ ، حائل اور طائف سمیت دیگر شہروں میں بھی شروع کی جائے گی جبکہ 19 دسمبر کو جدہ میں خصوصی شو ہو گا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد معاشرے میں تھیٹر اور پروفارمنگ آرٹس کی مقبولیت کو بڑھانا اور عوام کو ثقافتی و فنکارانہ سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

شیئر: