Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں کافی کی سالانہ پیداوار میں نمایاں اضافہ

سالِ رواں کافی کی پیداوار 7 ہزار 400 ٹن ریکارڈ کی گئی (فوٹو،ایکس اکاونٹ)
مملکت میں کافی کی سالانہ پیداوار میں گزشتہ 6 برسوں کے دوران 9 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پائیدار زرعی دیہی ترقی پروگرام ’ریف السعودیہ‘ کے مطابق رواں برس کافی کی پیداوار 7 ہزار 4 سو ٹن ریکارڈ کی گئی۔
العربیہ نیوز کے مطابق ریف السعودیہ پروگرام کے ترجمان ماجد البریکان کا کہنا تھا کہ کافی کے شعبے کو فراہم کی جانے والی مجموعی مالی معاونت 18 کروڑ 50 لاکھ ریال سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس کا مقصد چھوٹے کاشت کاروں کو ترقی دینا اور ان کی زرعی مہارتوں کو بہتر بنانا ہے۔
پروگرام کے تحت اب تک مختلف مقامات پر 44 لاکھ کافی کے پودے اگائے جاچکے ہیں۔ توقع ہے کہ ان پودوں کی مکمل پیداواری صلاحیت حاصل کرنے کے بعد کافی کی سالانہ پیداوار 20 ہزار ٹن تک بڑھا جائے گی۔
کافی کے حوالے سے جاری اعداد وشمار کے مطابق پہاڑی علاقوں میں اگنے والی کافی کی سالانہ پیداوار سال 2020 میں 800 ٹن تھی جو رواں برس 2026 میں بڑھ کر 7 ہزار 400 ٹن تک پہنچ گئی، جو مقررہ ہدف سے 400 ٹن زیادہ ہے۔
کافی کی پیداوار کے حوالے سے مملکت کا ہدف ملکی ضروریات پوری کرنے کی شرح 0.5 فیصد سے بڑھا کر 4.4 فیصد تک لے جانا ہے، تاکہ بڑھتی ہوئی طلب میں مقامی پیداوار کے حصہ میں اضافہ کیا جاسکے۔

شیئر: