سردیوں کی آمد سے قبل الباحہ کے آسمان پر بادلوں کا راج
سیر و تفریح کے شوقین ان دنوں بڑی تعداد میں الباحہ کا رخ کر رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شہر الباحہ اور اس کے گردونواح کے پہاڑی علاقوں پر بادل چھا گئے جو موسمِ سرما کی آمد سے قبل موسمی تبدیلیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے فوٹو گرافرز نے شہر کے مختلف مقامات سے عکس بندی کی جن میں ان مقامات کی خوبصورتی و دلکشی کا بخوبی اندازہ کیا جا سکتا ہے۔
بادلوں کے درمیان پیدا ہونے والے خلا سے شہر کی سڑکیں، چوراہے اور عمارتیں دکھائی دیتی ہیں۔
سرنگوں سے گزرتی گاڑیاں اور بل کھاتی سڑکیں کہیں بادلوں میں چھپ جاتی ہیں تو کہیں نمایاں ہوتی ہیں۔

الباحہ ریجن موسمی تبدیلی سے گزر رہا ہے، اس دوران یہاں درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ جبکہ پہاڑی علاقوں میں بادلوں کے ڈیرے نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔
ان مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے مختلف علاقوں سے سیاح اور فطرت سے دلچسپی رکھنے والے بڑی تعداد میں الباحہ کے پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے ہیں تاکہ ان مناظر اور لمحات کو اپنے کیمرے اور یادداشت میں محفوظ کر سکیں۔
