Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرینا ولیمز کو شکست، ’وہ ٹینس کی عظیم ترین کھلاڑی رہیں گی‘

آسٹریلوی کھلاڑی ٹامیانووک نے کہا کہ وہ آخر تک سمجھ رہی تھیں کہ سرینا میچ جیت جائیں گی۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز کو سخت مقابلے کے بعد یو ایس اوپن کے میچ میں ہرانے والی آسٹریلوی کھلاڑی عجلا ٹامیانووک نے کہا ہے کہ اُن کو افسوس ہے اور وہ بھی دیگر تمام لوگوں کی طرح سرینا ولیمز سے محبت کرتی ہیں۔
نیویارک میں یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں سرینا ولیمز شکست دینے کے بعد آسٹریلوی ٹینس سٹار نے کہا کہ ’سرینا ولیمز اس کھیل کی ہمیشہ کے لیے عظیم ترین کھلاڑی ہیں اور اسی پر بات ختم ہے۔‘
ٹامیانووک کا کہنا تھا کہ ’سرینا نے میرے لیے جو کچھ کیا اور ٹینس کے کھیل کے لیے جو کیا وہ ناقابل بیان ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ سرینا ولیمز کے خلاف اُن کے آخری میچ میں کھیلوں گی۔ میں نے اُن کو اس ٹورنامنٹ کے فائنلز میں کتنی بار کھیلتے ہوئے دیکھا، اس لیے یہ لمحہ میرے لیے خوشی کا ہے۔‘
اس سے قبل 23 گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی اور نیویارک میں چھ بار یو ایس اوپن کی فاتح رہنے والی سرینا ولیمز نے اپنی شکست پر کہا کہ وہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے پر نظرثانی نہیں کریں گی۔ تاہم ساتھ ہی کہا کہ ’آپ کو مستقبل کا کچھ پتا نہیں ہوتا۔‘
سرینا ولیمز کا آسٹریلوی کھلاڑی کے ساتھ میچ تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا تھا۔
آسٹریلوی کھلاڑی ٹامیانووک نے کہا کہ وہ آخر تک سمجھ رہی تھیں کہ سرینا میچ جیت جائیں گی۔

تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے میچ میں شکست کے بعد سرینا ولیمز ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ فوٹو: اے ایف پی 

’میں نے سوچا تھا کہ وہ مجھے ہرا دیں گی اس لیے مجھ پر دباؤ نہیں تھا۔ یہاں تک کہ آخری پوائنٹ کے وقت بھی جب وہ مجھ سے چار پوائنٹ پیچھے تھیں مجھے لگتا تھا کہ وہ جیت جائیں گی۔‘
ٹامیانووک نے کہا کہ ’اسی لیے وہ اس کھیل کی ہمیشہ کے لیے عظین ترین کھلاڑی ہیں اور یہی حتمی بات ہے۔‘

شیئر: