Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالم اسلام کے تابناک مستقبل کے لیے نوجوانوں کا کرداراہم ہے، وزرا کانفرنس کا اعلامیہ 

اعتدال ومیانہ روی جیسی اقدار مسلم نوجوانوں میں راسخ کرنا ہوں گی(فوٹو، ایس پی اے)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے  نمائندوں اور وزرا نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے تابناک مستقبل کی تعمیر و تشکیل میں نوجوانوں کا کرار بے حد اہم ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کے مطابق مسلم وزرا نے اپنے اس یقین کا اظہار جدہ میں منعقدہ کھیلوں اور نوجوانوں کے  وزرا کی اسلامی کانفرنس کے موقع پر کیا۔ کانفرنس کا عنوان ’متحد امت کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کا فروغ‘  تھا۔ 
مسلم وزرا نے  توجہ دلائی کہ اسلامی تعاون تنظیم کے میثاق میں یہ بات کہی گئی ہے کہ ثقافتی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے فروغ اور تربیت کے  ذریعے  مسلم بچوں اور نوجوانوں میں اسلامی اقدار برپا کرنے کے لیے  مناسب ماحول مہیا کرنا ضروری ہے۔ 

کانفرنس کا عنوان ’متحد امت کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کی ترقی اور کھیلوں کا فروغ‘  تھا (فوٹو، ایس پی اے) 

وزرا نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کام اسلامی تعلیمات اور اہم بین الاقوامی معاہدوں اور اعلانات سے رہنمائی حاصل کرکے انجام دینا ہوگا۔ 
وزرا نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مکالمے، اعتدال پسندی، میانہ روی، روا داری اور اغیار کے احترام جیسی قدریں مسلم نوجوانوں میں راسخ کرنا ہوں گی۔ ایسی ہی اقدار سے آراستہ مسلم نوجوان اسلامی دنیا کا تابناک مستقبل یقینی بنائیں گے۔ 
کانفرنس کے شرکا نے  سعودی وژن 2030 اور کھیلوں نیز نوجوانوں کی  فلاح وبہبود کے لیے مختص افکار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت نوجوانوں میں آگہی کا کام ہورہا ہے جو او آئی سی  کے اہداف اور اصولوں کے عین مطابق ہے۔ 

شیئر: