Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 اب سائفر لیک ہو تاکہ سب کو پتہ چل جائے کہ کتنی بڑی سازش ہوئی: عمران خان

مبینہ آڈیو سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اب سائفر لیک ہو جائے تاکہ سب کو پتہ چل جائے کہ کتنی بڑی سازش ہوئی ہے۔
بدھ کو پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’اسے شہباز شریف نے لیک کیا ہے۔ بڑا اچھا کیا کہ اسے لیک کیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ابھی اس پر کھیلے ہی نہیں، اب یہ ایکسپوز کریں گے تو اس پر کھیلیں گے۔‘

’اچھا ہم نے اب صرف کھیلنا ہے‘: آڈیو لیک

اس سے پہلے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور اُس وقت کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے درمیان گفتگو کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں دونوں کو امریکی سائفر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
بدھ کو سامنے آنے والی مبینہ آڈیو میں عمران خان کہتے ہیں ’اچھا ہم نے اب صرف کھیلنا ہے (سائفر کے حوالے سے)، نام نہیں لینا امریکہ کا، بس صرف کھیلنا ہے اس پر کہ یہ گیم پہلے سے تھی۔‘
اس پر اعظم خان کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ’میں سوچ رہا تھا کہ سائفر پر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’ایک میٹنگ کریں، شاہ محمود قریشی اور فارن سیکریٹری کی۔ شاہ محمود قریشی یہ کریں گے کہ وہ لیٹر پڑھ کر سنائیں تو جو بھی پڑھ کر سنائیں گے تو اس کو کاپی میں بدل دیں گے۔ وہ منٹس میں (شامل) کر دوں گا کہ فارن سیکریٹری نے یہ چیز بنا دی ہے۔‘
’پھر اینالسز (تجزیہ) اپنی مرضی کے منٹس میں کر دیں گے تاکہ منٹس آفس کے ریکارڈ میں ہوں۔‘
اعظم خان کے مطابق ’اینالسز (تجزیہ) یہ ہو گا کہ یہ ایک تھریٹ ہے۔ ڈپلومیٹک لینگویج میں اس کو تھریٹ کہتے ہیں۔ دیکھیں منٹس تو پھر میرے ہاتھ میں ہیں نا، ہم منٹس ڈرافٹ کر لیں گے۔‘

عمران خان نے اسلام آباد میں ایک جلسے کے دوران کہا تھا کہ ان کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے (فوٹو: سکرین گریب)

اس کے بعد عمران خان پوچھتے ہیں کہ ’کس کس کو بلائیں، شاہ محمود، میں آپ اور سہیل۔‘ اس کے جواب میں اعظم خان کہتے ہیں بس۔
اس پر عمران خان کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ ’ٹھیک ہے، کل ہی کرتے ہیں۔‘
مبینہ آڈیو کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ اب یہ ثابت ہو گیا کہ سازش کوئی اور نہیں خود عمران خان پاکستان کے خلاف کر رہے تھے۔
پرویز رشید نے ٹویٹ کیا کہ ’انہوں نے پاکستانیوں کو گمراہ کر کے قومی سلامتی پر ان کے اعتماد کو مجروح کیا۔ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو برباد کیا۔ سفارتی غیرذمہ دار ملک کہلوایا۔‘
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما بھی آڈیو کے حوالے سے ردعمل دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں بہت پہلے ریکارڈ پر لا چکا ہوں کہ سائفر وزیراعظم عمران خان سے چھپایا گیا تھا۔ آج کی آڈیو لیک میں یہ ثابت ہو گیا۔‘

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے لکھا کہ ’جب عمران خان وزیراعظم تھے تو ان کی حکومت سائفر میں دیے گئے ایسے ہی سکرپٹ سے ختم کر دی گئی تھی، میرے خیال میں سائفر کو اب جاری کر دینا چاہیے اور پاکستان کے لوگوں کو فیصلہ کرنا چاہیے یہ سازش تھی بلکہ اس سے بھی بڑھ کر تھی۔‘

 

خیال رہے مبینہ سائفر کا انکشاف عمران خان نے اسلام آباد میں ایک جلسے میں اس وقت کیا تھا جب وہ حکومت میں تھے اور اپوزیشن ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی تیاری کر رہی تھی۔
اس کے بعد سے عمران خان مسلسل مصر ہیں کہ غیرملکی سازش کے تحت ان کی حکومت گرائی گئی۔

شیئر: