Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آسکر ایوارڈ حاصل کرنا میرا خواب ہے‘: سعودی اداکارہ

سعودی فلمی میلے کی طرف سے سمر ششہ کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ مل چکا ہے (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی اداکارہ سمر ششہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں فلمی صنعت کا عروج چاہتے ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ سینیما گھروں میں جا کر سعودی فلمیں دیکھیں اور عملی طور پر سعودی فلمی صنعت کی حوصلہ افزائی کریں۔‘ 
سعودی اداکارہ نے عالمی سطح کی اداکارہ  بننے اور کسی بین الاقوامی فلم یا سیریل میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنا میرا ایک خواب ہے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی فنکارہ سمر ششہ اداکاری، ہدایتکاری  اور مکالمہ  نگاری سے لے کر موسیقی تک آرٹ کی ہر صنف کو شروع سے پسند کرتی رہی  ہیں۔  

’کیان‘ فلم کی ان دنوں سینمیا گھروں میں نمائش جاری ہے (فوٹو: العربیہ)

سمر ششہ کا ماننا ہے کہ اداکار یا اداکارہ کو ہر طرح کے آرٹ کے بارے میں جاننا چاہیے۔ قوت ارادی سے کام لینا چاہیے جو کام بھی کیا جائے اس کی اہمیت کو دل و دماغ سے مان کر کیا جائے۔ 
سمر ششہ اداکارہ، کہانی نویس اور ہدایتکارہ بھی ہیں۔ وہ آرٹ کی دنیا کے تمام شعبوں تک رسائی رکھتی ہیں جبکہ بینکاری کے شعبے سے بھی تعلق بھی رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’کیان‘  فلم کا سکرپٹ پڑھا جو پسند آیا۔ اس کے بعد پرجوش طریقے سے اس میں کام کیا۔‘
سمر ششہ کا کہنا تھا کہ ’ایک طرح سے کیان فلم میرے لیے مہم جوئی جیسی تھی جو ان دنوں سعودی سینما گھروں میں پیش کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ سعودی فلمی میلے کی طرف سے انہیں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ 
سمر ششہ نے کہا کہ ’ایوارڈ ملنے پر مجھے ڈر بھی لگا، خوشی بھی محسوس ہوئی اور ایوارڈ نے میرے اندر جوش بھی بھر دیا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ  یہ میری نئی زندگی کا پہلا دن ہے۔‘  
سمر ششہ نے آئیڈیل فنکارہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ’وہ کئی بین الاقوامی اداکاراؤں سے متاثر ہیں۔ ان میں سرفہرست میریل سٹریب ہیں جبکہ عرب اداکاراؤں میں یسرا اورعبلہ کامل سے متاثر ہیں۔‘

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

 

 

 

شیئر: