Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا لیجنڈ اور سچا ایمبیسیڈر، یونس خان

ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے پر ملک بھر سے خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ، کامیابی صرف میری نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے ، مرد آہن کا پیغام
ندیم ذکاءآغا۔ جدہ
پاکستان کے شہر مردان میں پیدا ہونے والے مرد آہن یونس خان کے بارے میں شروع ہی سے کہا جاتا تھا کہ وہ دنیا ئے کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کرےں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کے بعداس لیجنڈکے یہ عزائم کھل کر سامنے آنے لگے تھے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز مکمل کرلئے۔ یہ سنگ میل عبور کرنے سے قبل ہی وہ حالیہ ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ جمیکا ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل انہیں یہ ہدف حاصل کرنے کیلئے  23 رنز درکار تھے جو انہوں نے نہایت محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے حاصل کئے۔ بعدازاں نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 58رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ یونس خان نے 116 ٹیسٹ میچز میں 34 سنچریوں اور 33 نصف سنچریوں کی بدولت 52.39 کی اوسط سے 10 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ وہ پاکستان کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے جبکہ یہ مقام حاصل کرنے والے دنیا بھر کے کرکٹرزمیں وہ 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 9 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔ 5فٹ11انچ قد کے سیدھے ہاتھ سے کھیلنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین نے 26فروری 2000ءکو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 313اننگز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹرپل سنچری بنانے والے گروپ میں بھی اپنا نام شامل کر رکھا ہے۔ 2009ء میں ٹی 20ورلڈ کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے اس کرکٹر نے جون 2015ءمیں اپنا 100واں ٹیسٹ میچ کھیل کر پاکستان کے 5ویں کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ 
ٹیسٹ ٹیم کے اس مایہ ناز بلے باز کو وزیراعظم نوازشریف نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یونس خان نے یہ سنگ میل عبور کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے اور ان کے اس اعزار پر پوری قوم کو فخر ہے۔یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل ہونے کے بعد کرکٹ کے حلقوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات بھی دیئے جا رہے ہیں۔ آئی سی سی نے یونس خان کویہ سنگ میل عبور کرنے پر بھرپور مبارکباد دی ہے۔مبارکباد پیش کرنے والوں میں عمران خان،وسیم اکرم، شاہد آفریدی، وقار یونس، یاسر حمید، فخر عالم،جاوید آفریدی اور ڈیرن سامی بھی پیش پیش رہے۔پاکستان کو 1992 کا ورلڈ کپ جتوانے والے سابق کپتان عمران خان کا کہنا تھا کہ یونس خان کی ہمت، عزم اور مشکل حالات میں معیاری بولنگ کے خلاف اسکور کرنے کی ان کی صلاحیت نے انھیں یہ کامیابی دلائی۔سابق کپتان وسیم اکرم نے یونس خان کو مبارکباد میںکہا کہ آپ کافی عرصے قبل ہی لیجنڈ کا رتبہ حاصل کرچکے تھے، یہ اعزاز تو کیک پر محض آئسنگ کی طرح ہے۔بوم بوم آفریدی نے بھی یونس خان کو اس اعزاز پر مبارکباد دی، ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ اس فیئر ویل سیریز میں یونس رنز کا پہاڑ کھڑا کریں گے۔ وقار یونس نے بھی یونس خان کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں آپ پر فخر ہے'، انھوں نے یونس، ان کے اہلخانہ اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے حیرت انگیز کامیابی کہا۔یاسر حمیدنے یونس خان کو دنیا میں پاکستان کا سچا ایمبیسڈر قرار دیا۔پاکستانی گلوگار فخرعالم نے یونس خان کو مبارکباد د یتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو چیمپیئن، مسکراتے رہو۔ تم پر فخر کرنے کی 10 ہزار وجوہات ہیں، پاکستان تمہارا شکرگزار ہے۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی یونس خان کو لیجنڈ قرار دیا۔ویسٹ انڈین مایہ ناز آل راﺅنڈر اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ڈیرن سامی نے بھی یونس خان کے اس اعزاز کو سراہا۔ انہو ںنے ٹوئٹر پیغام میں یونس خان کو لکھا، 'ویل ڈن لیجنڈ'۔
یونس خان نے گزشتہ سال سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نوٹ لکھا تھا کہ ”10 ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد وہ اپنا بیٹ نیلام کر دیں گے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن ٹی سی ایف پاک نامی فلاحی ادارے کو عطیہ کریں گے۔“ سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو پیغام میں یونس خان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف میری نہیں بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کو والدہ، مرحوم والد اور آنجہانی کوچ باب وولمر کے نام کیا۔ یونس خان نے مزید کہا کہ میں اپنے تمام دوستوں اور مداحوں کا تہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے پورے کیریئر کے دوران مجھے بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا۔
2005ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی انہیں ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع ملا۔ 2006ءکی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے انہیں کپتانی کا کہا گیا تو انہوں نے ڈمی کپتان بننے سے انکار کر دیا۔ 2007ءکے ورلڈ کپ میں ٹیم کی بری طرح شکست کھانے کے بعد انضمام الحق کے قیادت سے مستعفی ہونے کے بعد انہیں کپتانی کیلئے کہا گیا لیکن انہوں نے عوامی ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سے معذرت کر لی۔ جنوری 2009ءمیں پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے یونس خان کو ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کا مشترکہ کپتان بنا دیا۔ 
یونس خان کے مداح ضرور ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں جاننے کی بھی خواہش رکھتے ہوں گے۔29نومبر 1977ء کو مردان میں پیدا ہو نے والے اس ہنس مکھ نے30مارچ 2007ءکو آمنہ سے شادی کی ۔ ان کے 3بچے ہیں۔ بیٹا اویس اور دو پیاری پیاری بیٹیاںہیں۔ انہیں فارغ وقت میں مچھلی کے شکار کیلئے وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔ یونس خان کو اپنے کرکٹر کیریئر کے دوران کئی سانحات سے گزرنا پڑا۔ 2005ءکے آغاز میں انہیں آسٹریلیا کا دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس آنا پڑا جب انہیں والد کے انتقال کی خبر ملی۔ اس کے بعد دورہ انگلینڈ کے دوران انہیں بری خبر سننی پڑی جب ان کے بڑے بھائی 41سالہ محمد شریف خان یوکرین میں کار حادثے میں انتقال کر گئے۔ دسمبر 2006ءمیں ان کے دوسرے بڑے بھائی 39سالہ فرمان علی خان جرمنی میں کار حادثہ میں وفات پا گئے۔ اس وقت وہ فیصل آباد میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میچ کھیل رہے تھے۔ یونس خان کو واپس پویلین پہنچنے پر مینجمنٹ کی جانب سے یہ افسوسناک خبر سنائی گئی تو وہ سیریز ادھوری چھوڑ کر مردان پہنچے۔ یونس خان مارچ 2007ءمیں ٹیم کوچ باب وولمر کی اچانک وفات پر بھی انتہائی رنجیدہ تھے۔وہ انہیں باپ کا درجہ دیتے تھے۔ باب وولمر کی وفات پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے کوچ کی وفات پر ایسے ہی دکھ ہوا ہے جیسے اپنے والد کی وفات پر ہوا۔ وہ اپنی کئی ذاتی مشکلات بھی ان کے ساتھ بانٹتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ آج 10ہزار رنز مکمل کرنے پر یونس نے خصوصی طور پر باب وولمر کو یاد کیا ہے اور اپنی اس فتح میں انہیں حصہ دار بنایا ہے۔ مئی 2011ءمیں انہیں ایک بار پھر دورہ ویسٹ انڈیز ادھورا
 چھوڑنا پڑا جب انہیں اپنے بھائی شمشاد خان کی جرمنی میں وفات کی اطلاع ملی۔ 25اگست 2014ءکو انہیں اپنے جواں سال بھتیجے سعد خان کی وفات کی دل دہلا دینے والی خبر سننے کو ملی۔ 
انہیں یہ اعزاز حاصل کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز سابق کھلاڑیوں نے مبارکباد پیش کی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز میں عمران خان، انضمام الحق، مشتاق احمد، محمدحفیظ، یاسر حمید، محمدعرفان، رمیزراجہ، شاہد آفریدی، شعیب اختر نے یونس خان کو 10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ سعودی عرب میں موجود کرکٹرز اور یونس خان کے چاہنے والوں نے بھی انہیں اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ 
******

شیئر: