نجران کے پارکس اور باغات: تعطیلات کے دوران سیاحوں کے پسندیدہ مقامات
تفریحی پہلوؤں میں ہر عمر کے افراد کے لیے کچھ نہ کچھ لطف انگیز بات ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں سکولوں کی چھٹیوں کے دوران نجران کے علاقے میں پارک، سیاحت کے شوقین افراد اور فیملیز کے لیے پسندیدہ مقامات میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ نجران کے یہ مقامات سیاحوں میں بہت مقبول ہیں اور ان کے تفریحی پہلوؤں میں ہر عمر کے افراد کے لیے کچھ نہ کچھ لطف انگیز بات ہے۔
نجران کے علاقے میں تین بڑے پارک، 65 باغات، پیدل چلنے کی 20 گزرگاہیں جبکہ پانچ عوامی سکوائرز ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ان سب جگہوں پر لوگ، عام طور پر دوپہر کے بعد یا شام کے آغاز پر آتے ہیں جب موسم معتدل ہوتا ہے۔
آنے والے قدرتی حسن، سبزے کے درمیان خوشگوار لمحات، فیملیز کے لیے بیٹھنے کے انتظامات، عوامی راستوں، سائیکلوں کے لیے مخصوص لینز، بچوں کے کھیلنے کی جگہوں اور عوامی سہولیات سے لطف اٹھاتے ہیں۔

نجران ریجن کی بلدیہ نے چھٹیوں کے دوران تفریح اور آرام کی غرض سے آنے والوں کے لیے محفوظ اور تفریحی ماحول فراہم کرنے کی تیاری کر لی۔
گزشتہ کچھ دنوں کے دوران بلدیہ نےتقریباً 810000 سکوائر میٹر سبزہ زار کو بحال کیا ہے، 6200 درختوں کی قطع و برید کی ہے، اور 110 نئے پودے اور جھاڑیاں لگائی ہیں۔

کھیلنے کی جگہوں اور میدانوں پر بھی جن کا رقبہ 110 سکوائر میٹر ہے، دیکھ بھال کا کام بھی کیا گیا ہے جس میں سجاوٹی روشنی کے لیے 190 کھمبے، 36 ریسٹ رُومز، اور 10 فواروں پر بھی کام ہوا ہے۔
صفائی ستھرائی کے عمومی کاموں میں بھی تیزی آئی ہے تاکہ آنے والوں کو آرام دہ تجربہ حاصل ہو اور تفریح کے ایک بڑے مقام کے طور پر پارکس کی دلکشی مثال بن جائے۔
