Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

44 دن کی وزارت عظمٰی: برطانوی وزیراعظم لِز ٹرس مستعفی

ٹرس نے اعلان کیا کہ قیادت کے انتخاب کے لیے الیکشن اگلے ہفتے کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ بادشاہ چارلس سوم کو بھیج دیا ہے۔
وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے جانشین کے انتخاب کے لیے آئندہ ہفتے کے اختتام تک الیکشن کرانے کا اعلان کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لز ٹرس کو وزیراعظم منتخب ہونے کے صرف چھ ہفتے کے بعد اس وقت مستعفی ہونا پڑا جب ان کے معاشی پروگرام نے مارکیٹ میں ہلچل مچا دی اور ان کی کنزرویٹیو پارٹی کو تقسیم کردیا۔
10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر گفتگو کرتے ہیوئے لز ٹرس نے تسلیم کیا کہ ’وہ پارٹی قیادت کے انتخاب کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرسکیں۔‘
لز ٹرس نے اعلان کیا کہ ’قیادت کے انتخاب کے لیے الیکشن آئندہ ہفتے کے دوران مکمل کیا جائے گا۔‘
’میں تسلیم کرتی ہوں کہ موجودہ حالات میں مجھے جس مینڈیٹ کے ساتھ منتخب کیا گیا تھا تاہم میں اس کے مطابق ڈیلیور نہیں کر سکی۔‘
’اس لیے میں نے بادشاہ چارلس سوم سے بات کی اور بتایا کہ میں کنزرویٹیو پارٹی کی قیادت سے مستعفی ہورہی ہوں۔‘
لز ٹرس نے بتایا کہ ’آج صبح میں نے 1922 کمیٹی کے سربراہ گراہم بریڈی سے ملاقات کی۔ ہمارا اتفاق ہوا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران قیادت کے انتخاب کے لیے الیکشن مکمل کریں گے۔‘
’اس سے ہم اپنے معاشی منصوبوں پر عمل درآمد اور ملک کے معاشی استحکام اور قومی سلامتی کو یقینی بناسکیں گے۔‘

شیئر: