Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرامکو کے 59 معاہدے، روزگار کے پانچ ہزار مواقع نکلیں گے

معاہدوں سے سعودی آرامکو کی درآمدی چین مضبوط ہوگی(فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی آرامکو جو دنیا میں تیل کی سب سے بڑی کمپنی ہے نے منگل کو51 ملکی اور بین الاقوامی صنعتی کمپنیوں کے ساتھ ’ان کنگڈم ٹوٹل ویلیو ایڈ‘ پروگرام کے تحت 59 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
الاقتصادیہ کے  مطابق سٹراٹیجک معاہدوں سے آئندہ دس سال کے دوران مملکت میں روزگار کے 5 ہزار مواقع فراہم ہوں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ 41.25 ارب ریال مالیت کے معاہدوں سے سعودی آرامکو کی درآمدی چین مضبوط ہوگی اور خام مواد تیار کرنے والے  ادارے جدید خطوط پراستوار ہوں گے۔ 
سعودی آرامکو میں تکنیکی خدمات کے ڈپٹی چیئرمین احمد السعدی نے کہا کہ’ سعودی عرب کے منفرد درآمد کاروں کے ساتھ بھاری سرمایہ کاری سعودی آرامکو کی کارکردگی میں لچک پیدا کرے گی۔ توانائی کے شعبے میں آرامکو کمپنی کو دنیا بھر میں زیادہ معتبر بنائے رکھنے کو یقینی بنائے گی‘۔ 
سعودی آرامکو میں سپلائی چین کے ڈپٹی چیئرمین انجینیئر محمد الشمری نے بتایا کہ’ معاہدوں پر دستخط کرنے والے مستقبل میں مطلوبہ اشیا کی صنعت میں ہمارے پارٹنر ہوں گے۔ ان معاہدوں کی بدولت سعودائزیشن کا انفراسٹریکچر وسیع ہوگا‘۔ 
انجینیئر محمد الشمری نے مزید کہا کہ’ معاہدوں کا مقصد مملکت میں عالمی سطح کی رسد چین کے قیام کے حوالے سے سعودی آرامکو کے تصور سے مطابقت رکھنے والی مشترکہ کامیابی اور تعاون کا فریم تیار کرنا ہے‘۔

شیئر: