مسجد الحرام میں سیفٹی رسٹ بینڈ سروس کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا
اتوار 15 نومبر 2026 20:07
اس منصوبے کا آغاز گزشتہ سال جولائی میں کیا گیا تھا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی دیکھ بھال کی اتھارٹی نے مسجد الحرام آنے والے زائرین کے لیے سفیٹی رسٹ بینڈ سروس میں توسیع کی ہے۔ بچوں اور بزرگوں کے ساتھ معذور افراد کو بھی شامل کیا ہے۔
اس منصوبے کا آغاز گزشتہ سال جولائی میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ اگر کوئی شخص مسجد الحرام یا اس کے صحنوں میں اپنے گروپ سے الگ ہوجائے تو گراؤنڈ پر موجود عملہ انہیں آسانی کے ساتھ دوبارہ گروپ یا فیملی کے ساتتھ ملا سکے۔
ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق اس اقدام کا مقصد زائرین کی سیفٹی کو بڑھانا، مسجد الحرام اور اس کے صحنوں میں ان کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ سروس خصوصا رش کے اوقات میں انتہائی مفید ثابت ہوتی ہے جب زائرین کی بڑی تعداد مسجد کی راہداریوں اور صحنوں میں مختلف راستوں سے گزرتی ہے۔
یہ سروس گیسٹ کیئر سینٹرز کے ذریعے مفت فراہم کی جاتی ہے۔ ہر رسٹ بینڈ پر شناخت اور رابطے کی تفصیلات درج ہوتی ہیں جن کی مدد سے گراؤنڈ پر موجود عملہ باآسانی شناخت اور ان کے اہل خانہ سے رابطہ کرسکتا ہے۔
ابتدا میں یہ سروس دو مقامات پر دستیاب تھی اب یہ تعداد بڑھا کر پانچ کرد ی گئی ہے۔ ان میں کنگ عبدالعزیز گیٹ، کنگ فہد گیٹ، اسماعیل گیٹ اور مشرقی صحن میں موجود دو مراکز شامل ہیں۔
یہ اقدام سیفٹی اور انسانی دیکھ بھال کو ترجیح دینے کے حوالے سے اتھارٹی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ مسجد الحرام آنے والے تمام زائرین کے لیے ایک محفوظ اور قابل رسائی ماحول کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
ان کے سفر کو آسان بنانے کے ساتھ انہیں ذہنی سکون کے ساتھ عبادت کرنے کا موقع ملتا ہے۔
