Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپو 2030 ریاض: نئے میٹرو سٹیشن کی تعمیر کا اعلان، فی گھنٹہ 19 ہزار مسافروں کی گنجائش

تعمیر کیے جانے والے اس سٹیشن پر 134 میٹر چوڑا سٹیل کا ڈوم شامل ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
رائل کمیشن فار ریاض سٹی نے ایکسپو 2030 کی سائٹ کے لیے ایک نئے میٹرو سٹیشن کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ یہ سٹیشن ریاض میٹرو کی یلو لائن پر واقع ہے جو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منسلک ہے۔
یہ سٹیشن کنگ سلمان روڈ پر ایک گرین کوریڈور میں تعمیر کیا جا رہا ہے جو مشرق میں واقع ایکسپو 2030 کی سائٹ کو مغرب میں فیوچر اربن ایریا سے جوڑے گا۔
ایس پی اے کے مطابق رائل کمیشن کا کہنا ہے یہ منصوبہ دار الحکومت میں آمد ورفت کے نظام کو بہتر بنانے اور شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور معاشی ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
 تقریبا 70 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیے جانے والے اس سٹیشن پر 134 میٹر چوڑا سٹیل کا ڈوم شامل ہے جو یہاں آنے والوں کو سایہ دار جگہ فراہم کرے گا۔ یہ ڈوم آٹھ ایسے ستونوں پر کھڑا ہے جو ببول کے درحت کی طرز پر بنائے گئے ہیں۔
رائل کمیشن نے اس کا ڈیزائن متعارف کرایا ہے جسے ریاض کے قدرتی مناظر اور یہاں کی وادیوں سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے۔ اس سٹیشن پر فی گھنٹہ 19 ہزار افراد کی آمد ورفت کی گنجائش ہوگی۔

سٹیشن میں تقریبا 44 ہزار مربع میٹر رقبے پر سبزہ زار( گرین سپیس) ہوگا جبکہ استعمال ہونے والی توانائی کا تقریبا 25 فیصد سولر پاور سے حاصل کیا جائے گا۔
سٹیشن کی تعمیر کا کام ایکسپو 2030 کی سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ ایکسپو کے انعقاد سے قبل سٹیشن کی تعمیر مکمل ہونے کی توقع ہے۔
 سٹیشن کی تعمیر سے ایکسپو میں شرکت کرنے والوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسرآئے گی۔

ایکسپو کے اختتام کے بعد بھی یہ سٹیشن میٹرو نیٹ ورک کا حصہ رہے گا۔ شہرکی توسیع کے ساتھ اطراف کے علاقوں کے لیے سفری خدمات فراہم کرے گا۔
کمیشن کے مطابق تعمیراتی کام کے دوران شہر کے مختلف علاقوں خاص کر تعمیر کے مقام اور اطراف میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے خصوصی ٹریفک پلان تیار کیا گیا ہے۔

 

شیئر: