Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن میں کنسرٹ کے دوران بھگدڑ، تین افراد کی حالت تشویشناک

پولیس کے مطابق کنسرٹ میں موجود ایک خاتون کو افسر پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں مشہور نائجیرین گلوکار کے کنسرٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے تین افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ریسکیو ٹیموں کو یہ اطلاع دے کر برکسٹن میں او ٹو اکیڈمی بلایا گیا تھا کہ ’بڑی تعداد میں لوگ پنڈال میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
چیف سپرنٹنڈنٹ کولن ونگرو نے پنڈال کے باہر گفتگو کرتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’عملے نے لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے انہیں طبی امداد اور سی پی آر دیا۔‘
آٹھ افراد کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا جبکہ جن افراد کو کم چوٹیں آئی تھیں انہیں جائے وقوعہ پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ تین زخمیوں جن کی عمریں 21، 23 اور 33 سال ہیں، کی حالت تشویشناک ہے۔
کولن ونگرو نے بتایا کہ ’ہم ان واقعات کا جائزہ لے رہے ہیں جن کی وجہ سے گزشتہ رات کا واقعہ پیش آیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جرم کا سراغ لگانے والے افسران کی سربراہی میں تفتیش جاری ہے اور افسروں نے جائے وقوعہ کا سروے کرتے ہوئے جگہ کے باہر گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ویڈیو کلپس میں او ٹو اکیڈمی کے دروازوں کے ساتھ ہجوم کی دھکم پیل دیکھی جا سکتی ہے جبکہ کچھ مشتعل افراد کو آپس میں گتھم گتھا بھی دیکھا گیا۔
تین ہزار افراد نے دروازے توڑ کر اندر جانے کی کوشش کی تھی جن میں سے کچھ کامیاب ہو گئے جس کے بعد پولیس نے شو کو روکنے کا حکم دے دیا تھا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جھڑپوں میں کون ملوث تھا تاہم چیف سپرنٹنڈنٹ کولن ونگروو نے تصدیق کی کہ جائے وقوعہ پر ایک افسر کے طرز عمل کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
فوٹیج میں ایک پولیس اہلکار کو پنڈال کے باہر کسی کو سیڑھیوں سے نیچے اتارتے ہوئے دیکھا گیا۔

گلوکار آسکے نے لکھا کہ ’میری ہمدردیاں ان افراد کے ساتھ ہیں جو کل رات زخمی ہوئے‘ (فوٹو: انسٹاگرام آسکے)

پولیس نے بعد میں بتایا کہ اس معاملے کا جائزہ پولیس کے نگران ادارے ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل سٹینڈرڈز نے کیا ہے اور پولیس افسر کے ’نامناسب رویے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔‘
پولیس نے مزید کہا کہ کنسرٹ میں موجود ایک خاتون کو افسر پر حملہ کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔
نائجیرین افروبیٹ موسیقی کے گلوکار آسکے نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ان کے پاس ابھی تک ’وینیو مینجمنٹ نے ابھی مکمل تفصیلات نہیں دیں  کہ اس (کنسرٹ) میں خلل کی وجہ کیا بنی۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’لیکن ہم شکر گزار ہیں کہ آخر میں سب پُرامن رہا۔‘ انہوں نے کنسرٹ مختصر کر دینے پر شرکاء سے معذرت کی۔
انہوں نے کہا کہ ’میری ہمدردیاں ان افراد کے ساتھ ہیں جو کل رات زخمی ہوئے تھے اور کسی بھی طرح کی تکلیف کا شکار ہوئے۔‘
لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں خوفناک واقعے سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ ہیں۔ ’میں اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا جب تک ہمیں ان (متاثرہ افراد) کے چاہنے والوں اور مقامی کمیونٹی کو دینے کے لیے مطلوبہ جوابات نہ مل جائیں۔‘

شیئر: