Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپسٹین فائلز: بِل اور ہیلری کلنٹن تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے ’الگ الگ گواہی دیں گے‘

سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور اہلیہ سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن جیفری ایپسٹین سکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کانگریس کی کمیٹی کے سامنے رواں ماہ الگ الگ پیش ہوں گے۔
یہ کمیٹی جنسی جرائم میں سزا یافتہ جیفری ایپسٹین کے بارے میں سامنے آنے والی فائلز کی تحقیقات کر رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کانگریس کی تفتیشی کمیٹی کے سربراہ جیمز کومر نے واشنگٹن میں ایک بیان میں بتایا کہ ’ہیلری کنٹن 26 اور بل کلنٹن 27 فروری کو گواہی کے لیے پیش ہوں گے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں کے بیانات کو لکھا اور فلمایا جائے گا۔
جیمز کومر کے بقول ’ہم منتظر ہیں کہ جیفری ایپسٹین اور گِھسلین میسکویل کے خوفناک جرائم کے حوالے سے بل کلنٹن اور ہیلری کلنٹن سے سوال جواب کریں تاکہ واقعات کے متاثرین اور امریکی عوام کے سامنے شفافیت اور جوابدہی رکھی جا سکے۔‘
امریکہ کے محکمہ انصاف نے حال ہی میں جیفری ایپسٹین سکینڈل کے حوالے سے لاکھوں کی تعداد میں فائلز جاری کی ہیں جن میں بل کلنٹن اور ہیلری کلنٹن سمیت کئی مشہور شخصیات کے نام بھی موجود ہیں۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ دونوں شخصیات نے کانگریس کی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ کہ یہ تحقیقات ایک جانبدارانہ سرگرمی ہے جس کا مقصد ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

بل کلنٹن جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلق پر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

 اس کے بعد کمیٹی کی جانب سے  پچھلے ہفتے ان کے خلاف توہین کانگریس کی کارروائی کے لیے ووٹنگ کی سفارش کی گئی تھی۔
جس کے بعد منگل کو یہ  اطلاع سامنے آئی کہ وہ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہو گئے ہیں، تاہم اس کے بارے میں تاریخ نہیں بتائی گئی تھی۔
کمیٹی کے سربراہ جیمز کومر نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ جلد ہی تاریخ بھی سامنے آ جائے گی۔
بل کلنٹن کے نائب چیف آف سٹاف اینجل یورینا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’انہوں نے آپ کو حلف کے تحت بتایا تھا جو کچھ وہ جانتے تھے لیکن آپ نے پرواہ نہیں کی لیکن اب سابق صدر اور سابق وزیر خارجہ وہاں موجود ہوں گے ایک ایسی مثال کے لیے جو ہر ایک پر لاگو ہو۔‘
بل کلنٹن نے جیفری ایپسٹین کے جہاز پر سنہ 2000 کے آغاز میں آفس چھوڑنے کے بعد کئی بار سفر کیا۔
وہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلقات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ وہ ان کی مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔

جیفری ایپسٹین فائلز میں بل کلنٹن سمیت کئی مشہور شخصیات کے نام شامل ہیں  (فوٹو: اے بی سی)

بل کلنٹن اور اہلیہ کے پیش ہونے کے بعد توہین کانگریس کی وہ ممکنہ کارروائی رک سکتی ہے جس پر کانگریس میں ووٹنگ ہونا تھی اور ایسا ہونے کے بعد دونوں پر فوجداری الزامات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔
 ایوان نمائندگان کے سپیر مائیک جانسن کا کہنا ہے وقتی طور پر توہین کانگریس کے معاملے کو روکا جا رہا ہے۔
’ایسا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ہر کوئی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بل کلنٹن اور اہلیہ کو عوامی سطح پر گواہی دینے کی اجازت دی جائے گی؟
اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا اس کے لیے کمیٹی کے سربراہ جیمز کومرسے بات کروں گا کیونکہ یہ ان معاملہ ان کے حصے کے کام کے تحت آتا ہے۔

شیئر: