Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن 2022 کے ’بلیوارڈ ورلڈ‘ میں دنیا بھر سے ثقافتی رنگوں کی نمائش

انڈین زون میں ڈانس اور میوزک کے علاوہ کھانوں کی ویرائٹی بھی موجود ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب میں تفریحی پروگرام ریاض سیزن 2022 کے لیے مختص سب سے بڑے تفریحی علاقے ’بلیوارڈ ورلڈ‘ میں ایشیا، افریقہ، یورپ اور امریکہ کے ثقافتی ورثے کی نمائش کی جا رہی ہے۔
مخصوص انداز میں ڈیزائن کیے گئے ان دس تفریحی علاقوں میں شائقین کے لیے پرکشش گیمز، ریستوران اور دیگر سرگرمیاں رکھی گئی ہیں۔
یہاں آنے والے افراد بہترین لائیو شوز سے محظوظ ہو سکتے ہیں جو مقامی لباس اور رسم و رواج سے جانکاری کا بہترین ذریعہ ہیں۔
بلیوارڈ ورلڈ میں ڈیزائن کردہ ہر علاقہ دراصل ایک مخصوص علاقے کے ورثے اور ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے۔ جیسے کے اگر اٹلی کے علاقے کا دورہ کریں تو وہاں اسی ملک سے جڑی روایات کی مختلف انداز میں نمائش کی جا رہی ہے۔
جبکہ امریکی علاقے میں لائیو ہالی وڈ شوز اور ملک کے مخصوص کھانے ملیں گے۔
بلیوارڈ ورلڈ میں مراکشی علاقہ بھی موجود ہے جہاں قدیم تاریخ اور ثقافت کی نمائندگی مختلف اشیا کے ذریعے کی گئی ہے۔ جبکہ مقامی رواج سے آگہی کے لیے کٹھ پتلی کا شو بھی دکھایا جاتا ہے۔
جدہ کے رہائشی عبداللہ ناصر نے اس میلے میں شرکت کے لیے خاص طور پر ریاض کا سفر کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بلیوارڈ ورلڈ جانے کا انتہائی بہترین تجربہ رہا اور ان کے بچوں کو اٹلی کے شہر وینس کی طرز پر ڈیزائن کردہ علاقے میں سب سے زیادہ مزہ آیا۔

ہر زون میں کسی مخصوص ملک کے ثقافتی رنگ دیکھنے کو ملتے ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز

عبداللہ ناصر نے اس امید کا اظہار کیا کہ جدہ میں بھی اسی نوعیت کے میلے کا اہتمام کیا جائے گا۔
جبکہ چین، جاپان، فرانس اور سپین کے علاقوں کا دورہ کرنے پر ان کی ثقافت، تاریخ اور روایات سے جڑی مختلف سرگرمیوں کے علاوہ مقامی ڈشز کھانے کا بھی موقع ملا گا۔
فرانسیسی زون میں ملک کی متنوع میراث اور متاثر کن فن تعمیر کو رقص اور موسیقی کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
اس زون میں ایفل ٹاور پیانو سمیت ایسی کئی قابل داد اشیا موجود ہیں جو اسے بولیورڈ ورلڈ کا سب سے پرکشش زون بناتی ہیں۔
یونان کے زون میں اس کے مشہور میوزک اور ڈانس شوز کے علاوہ ہیومن فاؤنٹین کی پرفارمنس بھی دکھائی گئی ہے، جبکہ میکسیو کے زون میں مشہور المریاچی میوزک بینڈ کو سنا جا سکتا ہے۔
انڈین زون میں آنے والے متنوع نظاروں، میوزک اور مہک سےمحظوظ ہو سکتے ہیں۔ اس زون میں ڈانس، میوزک، آرٹ اور تاج محل سمیت ملک کے بہترین فن تعمیر کی نمائش کی گئی ہے۔

امریکی زون میں ہالی وڈ شوز لائیو دیکھے جا سکتے ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز

بلکہ یہاں آنے والے لذیذ کھانوں کا مزہ لینے کے علاوہ دیسی مصالحہ جات، پھولوں، پودوں، انڈین چائے اور روایتی ملبوسات کی خریداری بھی کر سکتے ہیں۔
ریاض کی رہائشی سیدہ فاطمہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مملکت میں اتنے بڑے پیمانے پر میلے کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں پارکنگ سے لے کر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے تک پر چیز کا خیال رکھا گیا ہے، اور لوگوں کو ایک چھت کے نیچے مختلف تفریحی سرگرمیاں میسر ہیں۔‘

شیئر: