Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور جاپان کلین انرجی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے، معاہدے پر دستخط

سعودی وزیر توانائی اور جاپانی وزیر نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں( فوٹو ٹوئٹر وزارت توانائی)
سعودی عرب اور جاپان نے اتوار کو سرکلر کاربن اکانومی، کاربن ری سائیکلنگ، کلین ہائیڈروجن اور فیول امونیا کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی وزارت توانائی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’مفاہمتی یادداشت پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور سعودی عرب کے دورے پر آئے ہوئے جاپانی وزیر نے دستخط کیے ہیں‘۔
یاد رہے کہ جاپان کے وزیر برائے اقتصادیات، تجارت اور صنعت نشیمورا یاسوتوشی تیل اور ایل این جی کی فراہمی اور استحکام پر بات چیت کے لیے  سعودی عرب اورعمان کا دورہ کر رہے ہیں۔
عرب نیوز جاپان کے مطابق نشیمورا یاسوتوشی نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ہم سعودی عرب اور عمان کی بین الاقوامی خام تیل کی مارکیٹ کو مستحکم کرنے اور ایل این جی کی مستحکم سپلائی کو محفوظ بنانے کے لیے حوصلہ افزائی کریں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ ہم ہائیڈروجن اورامونیا جیسے شعبوں میں بھی تعاون کو مضبوط کریں گے‘۔
جاپانی میڈیا کے مطابق چین عرب ممالک کے قریب آنے کی کوششوں کے ساتھ، جاپان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ ڈیکاربنائزیشن اور انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ توانائی کی مستحکم خریداری جیسے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
نشیمورا یاسوتوشی جاپان کے خام تیل کے سب سے بڑے درآمد کنندہ سعودی عرب کے بعد27 دسمبر کو مائع قدرتی گیس ایل این جی فراہم کرنے والے ملک عمان کا دورہ کریں گے۔

جاپان مشرق وسطیٰ کے ساتھ  توانائی کے کاروبار کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے(فوٹو الاقتصادیہ)

جاپان اپنی زیادہ تر خام تیل اور قدرتی گیس کی ضروریات کے لیے جی سی سی ممالک پر انحصار کرتا ہے اور عرب ممالک کے ساتھ تعلقات جاپانی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
نشیمورا یاسوتوشی مشرق وسطیٰ کے دورے کے بعد ملائیشیا جائیں گے جہاں وہ ایل این جی کی مستحکم فراہمی، ایشیا زیرو ایمیشن کمیونٹی انیشیٹو ، آئی پی ای ایف اور دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے عائد پابندیوں کی وجہ سے ایران اور روس سے درآمدات کی عدم موجودگی میں جاپان کی 90 فیصد سے زیادہ سپلائی اب عرب ذرائع سے آتی ہے۔
جاپان مشرق وسطیٰ کے ساتھ اپنے توانائی کے کاروبار کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ صاف توانائی کے ساتھ ساتھ تیل اورگیس کو بھی شامل کیا جا سکے۔

شیئر: