Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوری اور ترک پارلیمنٹ کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کا جائزہ

ملاقات میں کہا گیا کہ ترکیہ ایکسپو 2030 کی ریاض میں میزبانی کا حامی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی مجلس شوری کے صدر ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ اور ترک پارلیمنٹ کے سپیکر ڈاکٹر مصطفی شنطوب نے منگل کو انقرہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ ترک پارلیمنٹ کے سپیکر کی دعوت پر ترکیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات خصوصا سعودی شوری اور ترک پارلیمنٹ کے درمیان تعاون مضبوط  بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
دوطرفہ ملاقات کے بعد صدر شوری اور ترک پارلیمنٹ کے سپیکر کے درمیان سرکاری مذاکرات ہوئے۔

 ترک پارلیمنٹ اور سعودی شوری کے درمیان رابطے اور ملاقاتیں اہم ہیں( فوٹو ایس پی اے)

اس موقع پرترک پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا کہ ’دونوں ملکوں کے ثقافتی اور تاریخی تعلقات مضبوط ہیں۔ سعودی صدر شوری کے دورے سے یہ بات  ثابت ہورہی ہے کہ فریقین باہمی تعلقات کو اعلی سطح تک لے جانا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ مملکت اور ترکیہ کے تعلقات دونوں ملکوں ہی نہیں بلکہ پورے خطے اور دنیا بھر کے لیے مفید ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان یکجہتی ضروری ہے‘۔
ترک سپیکر کا کہنا تھا کہ’ ترکیہ ایکسپو 2030 کی ریاض میں میزبانی کا حامی ہے۔ سعودی عرب ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جو کوششیں کررہا ہے وہ قابل قدر ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی وژن 2030 مملکت کی دوراندیش قیادت میں  میگا منصوبے نافذ کررہا ہے۔ اس سے ملک میں بڑی تبدیلی آرہی ہے‘۔

ترک سپیکر نے کہا کہ ’دونوں ملکوں کے ثقافتی اور تاریخی تعلقات مضبوط ہیں ( فوٹو ایس پی اے)

’ سعودی عرب دنیا کے مختلف علاقوں سے آنے والے عمرہ و حج زائرین کی خدمت جس انداز سے کررہا ہے وہ قابل قدر ہے‘۔
ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ نے کہا کہ ’دونوں ملکوں کے تعلقات مستحکم سے مستحکم تر ہوتے جارہے ہیں۔ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔ اس سے مشترکہ مفادات اور دونوں ملکوں کے قائدین اور برادرعوام کے خواب پورے ہوں گے‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ’ ترکیہ کی پارلیمنٹ اور سعودی شوری کے درمیان مسلسل رابطے اور ملاقاتیں اہم ہیں۔ علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں میں شرکت کے دوران مملکت اور ترکیہ کے درمیان یکجہتی کا فروغ بھی ضروری ہے‘۔ 

شیئر: