مملکت کے بیشتر علاقوں میں آئندہ ہفتے بارش کا امکان، سردی بڑھے گی
ترجمان کا کہنا ہے کہیں ہلکی اور کہیں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں آئندہ ہفتے بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق حسین القحطانی کا کہنا ہے کہ’ مملکت میں موسم سرما کا آغاز ہوا ہے۔ درجہ حرارت میں کمی کاسلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے‘۔
موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان نے کہا کہ اس سال مملکت کے بیشترعلاقوں میں موسم سرما کا آغاز قبل ازوقت ہوگیا ہے۔ سردی میں اضافہ متوقع ہے ۔
بارش کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ آئندہ ہفتے مملکت کے مغربی، وسطی ، مشرقی اورشمالی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’موسمیات کا قومی مرکز موسم کی تبدیل ہونے والی صورتحال کے حوالے سے تازہ صورتحال سے مطلع رکھنے کا سلسلہ جاری رکھے گا‘۔