مکہ کے شمالی علاقے مسلسل بارش کے بعد سبزہ زار میں تبدیل
مکہ مکرمہ کے شمالی علاقے ان دنوں مسلسل بارش کے بعد سبزہ زار میں تبدیل ہو گئے ہیں جنہیں دیکھ کر تازگی اور فرحت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
مسلسل بارش سے علاقے کا حسن نکھر گیا اور موسم خوبصورت ہو گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بارش کے بعد کئی وادیوں اور ندیوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ پہاڑی علاقوں میں سبزے کی بہتات سے منظر انتہائی دلکش ہو گئے۔
دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے علاقے کے لوگ ہی نہیں بلکہ قرب و جوار میں بسنے والے بھی یہاں آ کر موسم اور سبزے کی دلکشی سے خود کو تروتازہ کر رہے ہیں۔
علاقے کی خوبصورتی محض افراد کے مشاہدے تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ بیشتر افراد ان حسین مناظر کو اپنے کیمرے کے ذریعے سوشل میڈیا پر منتقل کر رہے ہیں جس سے یہ حسین قدرتی مناظر چند افراد کے مشاہدے کی حدود سے نکل کر لاکھوں تک پہنچ گئے ہیں۔

مکہ مکرمہ کے شمالی علاقے متنوع ارضیاتی خصوصیات کے حامل ہیں جن میں چٹانیں، وادیاں اور ندیاں و میدانی علاقے شامل ہیں جو ان دنوں انتہائی منفرد نظارے پیش کرتے ہیں۔
بارش سے نہ صرف زمین سیراب ہوتی ہے جس سے قدرتی جڑی بوٹیاں اور پودے زمین کا سینہ چیر کر ابھر آتے ہیں اور لق و دق علاقے سبزہ زار میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ علاقے کی آب و ہوا پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

شہر مقدس کے شمالی علاقے ان دنوں تفریح کرنے والوں کی خاص توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تفریح کے لیے آنے والوں کو بار بار متنبہ کیا جاتا ہے کہ ’احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ سیلابی پانی کی گزرگاہوں سے دور رہیں۔‘
