Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے کسی امام و خطیب کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں‘ 

ترجمان کے مطابق فرضی ویب سائٹ کے ذریعے نامناسب یا غیرمصدقہ افکار پھیلائے جا رہے ہیں ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے کسی بھی امام و خطیب کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔‘ 
حرمین انتظامیہ کی ویب سائٹ کے مطابق ترجمان ھانی حیدر نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے ائمہ اور خطیبوں کے لیے گہری عقیدت رکھتے ہیں۔ تمام لوگ حرمین شریفین کے کسی بھی امام و خطیب کے نام سے قائم کیے جانے والے فرضی اکاؤنٹ سے ہوشیار رہیں۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے یہ وضاحت ان رپورٹس کے تناظر میں جاری کی ہے جن سے یہ بات ریکارڈ پر آئی تھی کہ ’بعض افراد حرمین شریفین یا ان میں سے  کسی ایک کے نام سے غیر رسمی ویب سائٹ قائم کرکے مسجد الحرام اور مسجد نبوی سے مسلمانان عالم کی عقیدت کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں۔‘
بیان کے مطبق ’مسجد الحرام یا مسجد نبوی کے کسی امام یا خطیب کے نام سے فرضی ویب سائٹ کے ذریعے نامناسب یا غیرمصدقہ افکار پھیلائے جا رہے ہیں۔‘
انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ تمام لوگ کسی بھی فرضی اکاؤنٹ پر توجہ نہ دیں اور مطلوبہ معلومات حرمین شریفین انتظامیہ کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کریں۔ 
ھانی حیدر نے کہا کہ ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے فرضی ویب سائٹس کا معاملہ دیکھ رہی ہے تاکہ حرمین شریفین کے ائمہ، خطیبوں میں سے کسی ایک یا حرمین شریفین کے نام سے قائم  ویب سائٹ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کاپی رائٹ کے تحفظ کے لیے نام نہاد افراد اور اداروں کے خلاف اقدامات ہوں اور انفارمیشن کرائمز کا سدباب کیا جا سکے۔‘ 

شیئر: