Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں 17 اور 18 سال پر ڈرائیونگ پرمٹ اور لائسنس کے حصول کی شرائط کیا؟

ڈرائیونگ پرمٹ 17 برس کے لڑکے یا لڑکیوں کےلیے جاری کیاجاتا ہے(فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں ٹریفک قوانین سب سے لیے یکساں ہیں۔ ان پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داری ٹریفک پولیس کے محکمے کی ہے جسے ’مرور‘ کہا جاتا ہے۔
محکمہ ٹریفک کی ذمہ داریوں میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا، تجدید، گاڑیوں کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ‘ کا اجرا اور تجدید کے علاوہ ٹریفک خلاف ورزیوں پرچالان کرنا اور روڈ سیفٹی ادارے کے ساتھ مل کر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔
 ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سےسوال کیا گیا کہ ’جدہ میں مقیم ہوں میری عمر17 برس ہے، کیا سعودی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتا ہوں؟‘۔ 
 سعودی عرب میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا و تجدید ادارہ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کےلیے عمر کی کم از کم حد 18 برس ہونا شرط ہے۔ 
ٹریفک پولیس کی جانب سے عارضی ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرانے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کےلیے کم از کم عمرکی حد 17 برس مقرر ہے۔ اس حد سے کم ہونے پرڈرائیونگ پرمٹ جاری نہیں کیاجاسکتا۔ 
ڈرائیونگ پرمٹ جو کہ 17 برس کی عمر کے لڑکے یا لڑکیوں کےلیے جاری کیاجاتا ہے ان پربعض پابندیاں عائد کی جاتی ہیں۔ تصریح قیادہ جو کہ عارضی بنیاد پرجاری کی جاتی ہے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے متعددشرائط مقرر کی گئی ہیں۔ 
ادارہ ٹریفک پولیس کے قوانین کے مطابق ڈرائیونگ پرمٹ یعنی تصریح قیادہ حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو ادارہ ٹریفک پولیس کے دفتر سے رجوع کرنے سے قبل میڈیکل چیک اپ کرانا ہوگا۔ 
طبی معائنہ مقررہ ومخصوص پولی کلینکس سے کرانا لازمی ہے جو باقاعدہ طورپرادارہ ٹریفک پولیس جسے عربی میں ’مرور‘ کہا جاتا ہے سے مربوط ہوں۔ 

عارضی ڈرائیونگ پرمٹ شہر کے اندر کےلیے ہی کارآمد ہوتا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)

طبی معائنہ کے علاوہ سفید بیک گراؤنڈ والی 6 تصویریں، اقامہ کی کاپی اوروالد یا کفیل کی جانب سے جاری کیا گیا این اوسی جسے عربی میں ’لامانع‘ کہا جاتا ہے جس میں ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرانے رضامندی دی گئی۔
ایک ہینگنگ فائل لے کرادارہ ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکول سے رجوع کیاجائے جہاں داخلہ لینے کے بعد مقررہ فیس ادا کرنے پرمحدود کلاسیں لی جاتی ہیں جس کے بعد ٹیسٹ کی تاریخ ملتی ہے۔ ٹیسٹ پاس کرنے پرعارضی ڈرائیونگ پرمٹ جاری کردیا جاتا ہے۔ 
واضح رہے ڈرائیونگ پرمٹ ایک برس کے لیے ہوتا ہے ایک برس مکمل ہونے کے بعد اسے لائسنس میں تبدیل کیاجاسکتا ہے۔ عارضی طورپرجاری کیا جانے والے پرمٹ کا حصول مشکل نہیں ہوتا تاہم بعض اوقات درخواست گزاروں کی تعداد زیادہ ہونے سے نمبردیر سے آتا ہے۔ 
عارضی ڈرائیونگ پرمٹ شہر کے اندر کےلیے ہی کارآمد ہوتا ہے۔ اس پردوسرے شہروں میں ڈرائیونگ کرکے نہیں جاسکتے۔ اس لیے لازمی ہے کہ احتیاط برتی جائے کیونکہ عارضی پرمٹ پرچالان ہونے کی صورت میں بعد میں اسے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرنا دشوار ہوجاتا ہے۔

شیئر: