Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کی عراقی اعلی قیادت سے ملاقات

متعدد شعبوں میں دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیاگیا(فوٹو، ایس پی اے)
عراقی صدرعبداللطیف جمال رشید نے کہا ہے کہ سعودی عرب اورعراق خطے کے استحکام کے حوالے سے بنیادی ستون کا درجہ رکھتے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘کے مطابق عراقی صدر نے یہ بات جمعرات کو بغداد میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ  فیصل بن فرحان اور ان کے ہمراہ ملاقا ت کے لیے پہپنچے ہوئے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ 
فریقین نے خطے اور دنیا بھر کے تازہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بحران مکالمے اور مشاورت کے ذریعے حل کیے جائیں۔ تمام اقوام کی سلامتی اور امن کے لیے بحرانوں کا تصفیہ مکالمے کے ذریعے ہی کیا جائے۔ 
عراقی صدر نے  کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ عراق کے تعلقات گہرے ہیں اور عراق مختلف سطح پر تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے۔ عراق چاہتا ہے کہ باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر دونوں ملکوں کے رہنما مشاورت، یکجہتی اور گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھیں۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے جاری کوششوں میں عراق کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین، کا دائرہ وسیع کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے جدوجہد ضروری ہے۔ 
فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ مکمل اقتصادی خوشحالی کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے عراقی وزیراعظم محمد شیاح السودانی سے ایوان وزارت عظمی میں ملاقات کی۔ 

سعودی وزیرخارجہ نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی(فوٹو، ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ نے سب سے پہلے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے عراقی وزیراعظم کے لیے خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے۔ عراقی وزیراعظم نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نیز سعودی عوام  و حکومت کے لیے خیر سگالی کا جوابی پیغام فیصل بن فرحان کے حوالے کیا۔ 
اس موقع پر انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات اور فریقین کے وسیع تر مفاد میں انہیں مزید مضبوط بنانے کی تدابیر کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل بھی زیر بحث آئے۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے جمعرات کو بغداد میں عراقی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد الحلبوس سے ایوان میں ملاقات کی۔ انہوں نے مشترکہ تعاون کے متعدد شعبوں میں دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب ڈاکٹر فواد حسین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔  
فیصل بن فرحان نے کہا کہ  سعودی عرب اور عراق کے تعلقات دونوں برادر ملکوں کے قائدین کی رہنمائی کی بدولت ان دنوں مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ملکوں اور ان کے برادر عوام کے مستحکم تعلقات گہرے ہیں۔ 
فیصل بن فرحان نے کہا کہ دونوں ملک تعاون و یکجہتی بڑھانے  خصوصا اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں میں مل کر کام  کررہے ہیں ۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک عراق میں استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے حوالے سے عراقی حکام کی ہر کوشش کے ساتھ ہے۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاکہ انہوں نے متعدد شعبوں میں منصوبوں کی تعداد بڑھانے، پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹر کے درمیان تعاون و یکجہتی کے فروغ کے سلسلے میں مشترکہ رابطہ کونسل کا موثر کردار بے حد اہم ہے۔ 
یاد رہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان جمعرات کو ہی عراق کے  سرکاری دورے پر بغداد پہنچے تھے۔ 

شیئر: