Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلاموفوبیا نسل پرستی جتنا بڑا مسئلہ ہے: جمائمہ خان

جمائمہ خان کی فلم اسلاموفوبیا اور ارینج شادی کے موضوع پر بنی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی مصنفہ جمائمہ خان نے اپنی فلم کی ریلیز سے قبل ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اسلاموفوبیا ’نسل پرستی جتنا بڑا مسئلہ‘ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سابق پاکستانی وزیراعظم اور کرکٹر عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان نے فلم ’وٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کو لکھا اور پروڈیوس کیا ہے۔
یہ فلم ان کی اپنی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ فلم میں اسلاموفوبیا، پسند اور ارینج میرج کے فوائد اور نقصانات کے بارے میں بات ہوئی ہے۔
یہ رومانوی ڈرامہ نوعیت کی فلم ہے جس کی کہانی پاکستانی اور برطانوی فیملی کے گرد گھومتی ہے جنہیں رشتے کی تلاش ہوتی ہے۔ فلم کے ٹریلر میں پاکستانی اور برطانوی ثقافت کو دکھایا گیا ہے۔
اس فلم میں میں لِلی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ اعظمی، سجل علی، عاصم چودھری اور ایما تھامپسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
جمائمہ خان نے کہا کہ ’یہ ہمیشہ پاکستانی ہی ہے جو شدت پسند یا خودکش بمبار یا جنونی ہے۔ فلم میں یہی مخصوص لائن ہے۔۔۔۔ ہمیں ایئرپورٹ سے نکلنا ہوگا۔۔۔ ہمیں جلدی نکلنا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے بچوں کے ساتھ سفر سے واقف ہوں، خاص طور پر امریکہ جہاں ہمیں کسی بھی پرواز کے لیے اضافی وقت درکار ہوتا ہے کیونکہ ان کے پاس پاکستانی نام ہیں جو انگریزی نہیں ہیں۔۔۔ سلیمان اور قاسم۔۔۔ انہیں اتار کر پوچھ گچھ کی جاتی ہے اور ان سے ایسے پوچھ گچھ ہوتی ہے جیسے مجھ سے نہیں ہوتی۔‘

فلم میں میں لِلی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ اعظمی اور سجل علی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں اسلاموفوبیا ایک حقیقی مسئلہ ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ نسل پرستی جتنا بڑا مسئلہ ہے۔‘
فلم کے دوسرے موضوع ارینج میرج کے بارے میں بات کرتے ہوئے جمائمہ خان نے کہا کہ شہزادی ڈیانا اور اس وقت کے شہزادہ چارلس کی شادی بھی ارینج تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارینج شادیاں ہر ثقافت میں ہوتی ہیں جو ہمارے معاشرے میں بھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارینج شادی ایک نامانوس چیز تصور کی جاتی ہے لیکن اگر دیکھا جائے تو دنیا میں زیادہ تر شادیاں ارینج ہی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت سی ’کامیاب اور خوشگوار‘ ارینج شادیاں دیکھی ہیں لیکن میڈیا ان کو سامنے لانے میں ناکام رہا ہے۔
ان کی فلم برطانیہ میں 24 فروری کو ریلیز کی جائے گی۔

شیئر: