Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمائمہ اور سجل علی کی فلم ’وٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کی گلوبل ریلیز

جمائمہ گولڈ سمتھ کے مطابق فلم مارچ میں پاکستان میں ریلیز کی جائے گی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی اداکارہ سجل علی کی فلم ’وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ کو آسٹریلیا میں نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو ’وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ کی پروڈیوسر جمائمہ گولڈ سمتھ نے فلم کے آسٹریلیا میں ریلیز ہونے کا اعلان کیا۔

وٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ؟ رومانوی ڈرامہ نوعیت کی فلم ہے جس کی کہانی پاکستانی اور برطانوی فیملی کے گرد گھومتی ہے جنھیں رشتے کی تلاش ہوتی ہے۔ فلم کے ٹریلر میں پاکستانی اور برطانوی ثقافت کو دکھایا گیا ہے۔
اس فلم میں میں لِلی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ اعظمی، سجل علی، عاصم چودھری اور ایما تھامپسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کو پروڈیوس کرنے کے علاوہ اس کو لکھا بھی جمائمہ خان نے ہے جبکہ فلم کو انڈین ہدایتکار شیکھر کپور نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
جمائمہ گولڈ سمتھ سے ٹوئٹر پر جب ایک صارف نے اس فلم کی پاکستان میں ریلیز کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا بتایا کہ ’فلم مارچ کے آغاز میں پاکستان میں ریلیز ہو گی۔‘
فلم کے بارے میں ایک انٹرویو میں انہوں نے پاکستانی عوام کو پیغام دیا کہ ’میں امید کرتی ہوں کہ سب سنیما میں آ کر فلم دیکھیں گے۔ نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی اسے دیکھیں۔ امید کرتی ہوں کہ لوگ اسے انجوائے کریں گے، اس سے محظوظ ہوں گے اور اسے سمجھیں گے۔‘

Caption

دوسری جانب وٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ؟ میں شامل پاکستانی اداکارہ سجل علی کے لیے یہ فلم بھی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے کہ ان کی فلم انٹرنیشنل سطح پر ریلیز ہو رہی ہے۔
اس سے پہلے سجل علی انڈیا کی فلم ’موم‘ میں نوازالدین صدیقی، اکشے کھنہ اور سری دیوی کے ساتھ  کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔
خیال رہے فلم وٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ؟ برطانیہ میں رواں سال 24 فروری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: