Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناراض بیوی کو راضی کرنے کی کہانی

الجوف..... الجوف ریجن کے سعودی باشندوں کی زبان پر ان دنوں اسکول میں کام کرنے والی ناراض بیوی کو راضی کرنے کیلئے سعودی شوہر کے افسانوی اندازکا چرچا چھایا ہوا ہے۔ بعض لوگوں نے اسے منچلے شوہر کی منچلی کہانی سمجھ کر نظر انداز کردیا جبکہ دیگر شہریوں نے اسکول کی عمارت کو ناراض بیوی کو منانے کیلئے استعمال کرنے پر زبردست ناراضی کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی شہری کی بیوی خلود اپنے شوہر سے ناراض ہوگئی تھی۔ شوہر نے اسے منانے کیلئے اسکول کی عمارت کے ایک حصے میں کرنسی نوٹ بکھیر دیئے۔ سونے کے زیورات دیواروں پر آویزاں اور محبت بھرے پیغامات بھی چسپاں کردیئے۔ متعلقہ کمرے میں انواع و اقسام کی مٹھائیاں رکھ دیں۔ اسکی وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر بھی جاری کردی گئیں۔ لوگوں کو اس بات پر غصہ ہے کہ شوہر نے اچھے کام کیلئے اسکول کی روایات کو بالائے طاق رکھ دیا۔ اطلاعات یہ ہیں کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے وڈیو دیکھنے کے بعد سعودی شوہر کے اس عمل پر ناپسندیدگی کا اظہارکیا۔ آخری اطلاع یہ ہے کہ شوہر کی یہ ساری کوششیں ناراض بیوی کو راضی کرنے میں ناکام ثابت ہوئیں۔ اس نے شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار کردیا ہے۔ یہ بات اسکول کی استانیوں نے بتائی ہے۔ غیر جانبدار ذرائع سے اسکی ابھی تک تصدیق نہیں ہوسکی۔

شیئر: