Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عبداللہ شفیق کو پویلین جانے کا اشارہ، کیرون پولارڈ پر جرمانہ

ہفتے کو لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 21 رنز سے ہرایا تھا۔ (فوٹو: پی ایس ایل/سکرین شاٹ)
ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اتوار کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر نے ہفتے کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں عبداللہ شفیق کو آؤٹ کرنے کے بعد انہیں ایسے اشارے کیے جس سے بیٹر کی جانب سے ’جارحانہ ردعمل‘ دیکھنے کو مل سکتا تھا۔
واضح رہے ہفتے کو کیرون پولارڈ نے پہلی اننگز کے 13 ویں اوورز میں لاہور قلندر کے بیٹر عبداللہ شفیق کو اپنے ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا اور پھر انہیں پویلین واپس جانے کا اشارہ کیا تھا۔
پی سی بی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ قذافی سٹیڈٰیم میں پیش آنے والے واقعے کے بعد کیرون پولارڈ نے میچ ریفری محمد جاوید ملک کی جانب سے عائد جرمانے کو قبول کر لیا ہے۔
کیرون پولاڈ کے خلاف شکایت آن فیلڈ امپائرز مارٹن سیگرز اور فیصل آفریدی اور تھرڈ امپائر احسن رضا اور فورتھ امپائر شوزب رضا کی کی جانب سے کی گئی تھی۔
واضح رہے گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 21 رنز سے شکست دی تھی جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم پی ایس ایل کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ملتان سلطانز آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، پشاور زلمی چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، کراچی کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز صرف دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

شیئر: