Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان کے دوران زائرین کی خدمت کے لیے 12 ہزار اہلکار تعینات

مسجدالحرام پہنچنے سے قبل وہیل چیئرز بک کرائی جا سکیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کے دوران زائرین کی خدمت کے لیے 12 ہزار تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حرمین شریفین انتطامیہ کا کہنا ہے کہ ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 10 ہزار سے زیادہ شعبوں میں آٹھ ہزار سے زیادہ اہلکار رمضان کے دوران زائرین کو دو لاکھ سے زیادہ گھنٹے رضا کارانہ طور پر دیں گے۔‘
’معمر افراد اور معذوروں کو رمضان کے دوران تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 10 ہزار وہیل چیئرز 24 گھنٹے مہیا ہوں گی۔ مسجد الحرام پہنچنے سے قبل وہیل چیئرز بک کرائی جا سکیں گی۔ انتظامیہ نے تنقل ایپ کے ذریعے بکنگ کی سہولت مہیا کی ہے۔‘


رمضان کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے آپریشنل پلان تیار کیا گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)

یاد رہے کہ ادارہ امورحرمین نے رمضان کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے آپریشنل پلان تیار کیا ہے۔
 کورونا وبا کے بعد اس سال رمضان کے دوران نہ صرف مملکت بلکہ دنیا بھرسے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مملکت آئیں گے جس کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ زائرین کی آمدورفت کو منظم کیا جائے۔
رمضان کے دوران صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے مخصوص ہو گا جبکہ طواف کے لیے بالائی منازل کومخصوص کیا گیا ہے۔ سنت طواف ادا کرنے کے لیے مقامات مخصوص کیے گئے ہیں تاکہ طواف کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ ہو۔
 زائرین کی سہولت اورکراؤڈ کنٹرولنگ کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے۔ اسی طرح زائرین کی آمد ورفت کے مقامات پررہنما گائیڈز بھی فراہم کیے ہیں۔

شیئر: