ریاض میں حوثی کروز میزائل مار گرایا گیا، نجران میں خطرے کا الرٹ واپس
عرب اتحاد نے جمعے کی رات ایک ڈرون کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا تھا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے سنیچر کو ریاض کی جانب داغے جانے والے ایک حوثی کروز میزائل کو مار گرایا جبکہ جمعے کی رات ایک ڈرون کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا گیا۔
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’ریاض ریجن میں کروز میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا۔‘
سعودی سول ڈیفنس نے سنیچر کی سہ پہر نجران میں ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری کیا تاہم کچھ دیر بعد اسے واپس لے لیا گیا۔
یہ میزائل اور ڈرون حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب یمن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی پر حملوں کی کوششیں جاری ہیں۔
جمعے کی صبح سعودی عرب کے نجران ریجن میں دو حوثی بیلسٹک میزائل مار گرائے گئے جبکہ مکہ ریجن میں ایک ڈرون کو تباہ کیا گیا تھا۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا سعودی عرب میں شہری تنصیبات جن میں ایئرپورٹس اور انرجی انفرا سٹرکچر شامل کو نشانہ بناتی رہی ہے۔
