گھریلو ڈرائیور اقامہ تجدید نہ کیے جانے پر کفالت کیسے تبدیل کرائیں؟
گھریلو ڈرائیور اقامہ تجدید نہ کیے جانے پر کفالت کیسے تبدیل کرائیں؟
پیر 6 مارچ 2023 0:03
اسپانسر کے پاس سے فرارہونا سنگین قانون شکنی تصور کی جاتی ہے ( فائل فوٹو: سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے مملکت میں قانون محنت میں کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
معاملات کوکسی تاخیر کے بغیر فوری حل کرنے کے لیے ڈیجیٹل خدمات کا دائرہ بھی وسیع کرتے ہوئے اسے ہرایک کی دسترس میں دیا گیا ہے تاکہ فریقین کے حقوق کے تحفظ کوبھی یقینی بنایا جاسکے۔
سائق خاص(گھریلو ڈرائیور) کے ویزے پرموجود ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا’ کفیل اقامہ تجدید نہیں کررہا کیا۔ اس صورت میں کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے‘؟۔
جوازات کی جانب سے اس حوالے سے قانون کے نکات بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ’ گھریلو عملے کی کفالت تبدیل کرانے کے لیے جوضوابط مرتب کیے گئے ہیں ان کے مطابق موجودہ کفیل اپنے کارکن کی کفالت تبدیلی کےلیے این اوسی جاری کرے گا‘۔
’این اوسی کے بعد نئے کفیل اورکارکن کی جانب سےکفالت کی تبدیلی کےلیے ابشراکاونٹ پرڈیجیٹل رضامندی کی تصدیق کی جائے گی۔ یہ کارروائی کفالت کی درخواست اپ لوڈ کیے جانے کے سات دن کے اندر مکمل ہونا ضروری ہے بصورت دیگر خود کارسسٹم درخواست کو مسترد کردیتا ہے‘۔
قانون کے مطابق کارکن کے خلاف ’ہروب‘ رجسٹرنہیں ہونا چاہیے۔ ہروب رجسٹرہونے کی صورت میں اسے کینسل کرانے کے بعد باقی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے وزارت محنت کے قانون کے تحت کسی بھی غیرملکی کارکن کا اپنے اسپانسر کے پاس سے فرارہونا سنگین قانون شکنی تصور کی جاتی ہے۔
جس کارکن کا ہروب فائل ہوتا ہے اگرابتدائی پندرہ دن کے اندر ہروب کینسل کرادیاجائے تو بغیر کسی مشکل کے یہ عمل ممکن ہوجاتا ہے بصورت دیگر مقررہ مدت ختم ہونے کی صورت میں معاملہ کافی دشوار ہوجاتا ہے۔
وزارت افرادی قوت کے متعلقہ ادارے میں درخواست دی جاتی ہے جہاں قانونی نکات کو مدنظررکھتے ہوئے ہروب کینسل کیاجاتاہے۔
ہروب فائل ہونے اورمقررہ دوہفتے کی مدت ختم ہونے کے بعد جوازات اوروزارت افرادی قوت کے سسٹم میں کارکن کی فائل کو سیز کردیاجاتا ہے جس کے ساتھ ہی کارکن کے تمام سرکاری معاملات بھی رک جاتے ہیں۔
خیال رہے اقامہ کی بروقت تجدید قانونی طورپرکفیل کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس صورت میں جبکہ کفیل کی جانب سے اقامہ کی تجدید نہیں کرائی جارہی یا تنخواہوں کی ادائیگی میں غیرمعمولی تاخیرہورہی ہوتو وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی میں شکایت درج کرائی جاسکتی ہے جس پرمتعلقہ ادارے کی جانب سے تحقیقات کرنے کے بعد فوری طورپرکفالت کی تبدیلی کے احکامات صادر کردیے جاتے ہیں۔
وزارت افرادی قوت کی جانب سے کفالت کی تبدیلی کے احکامات صادر ہونے پرقانونی طورپرکفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے۔ سابق کفیل کی اجازت یا اس کی جانب سے این اوسی بھی درکار نہیں ہوتا۔