Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین بحران میں متوازن موقف پرروس کا مملکت سے اظہارتشکر

سعودی عرب، روس کےساتھ ہرسطح پرمضبوط تعلقات بنانے کے لیےکوشاں ہے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ روس اوریوکرین کے درمیان مکالمے کے مواقع بہتربنانے کےلیے تیار ہیں۔
وہ جمعرات کو ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ عربی روزنامہ الشرق الاوسط شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب روس کے ساتھ ہرسطح پرتعلقات جدید خطوط پراستواراورمضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
بن فرحان یوکرین کا بحران ختم کرانے کی تدابیرپرمغربی ممالک کے کئی عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کے بعد ماسکو پہنچے ہیں۔
فیصل بن فرحان نے کہا کہ فریقین نے دنیا کودرپیش چیلنجوں اوربین الاقوامی بحرانوں پرنقطہ ہائے نظرکا تبادلہ کیا، انہوں نے مزید کہا کہ دونوں دوست ملکوں کے تعلقات میں ہمیشہ کچھ نہ کچھ نیا ہوتا رہتا ہے ہم ہرسطح پرباہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
دریں اثنا روسی وزیرخارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب نے یوکرین کے ساتھ جنگی قیدیوں کے تبادلے میں سہولت کارکا قابل قدر کردار ادا کیا۔ انہوں نے یوکرین کے ساتھ بحران میں متوازن موقف پرسعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک نہ صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی مسائل حل کرانے کے سلسلے میں سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اورکردار کوقدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھتاہے۔
روسی وزیرخارجہ نے تیل منڈی کے استحکام کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان یکجہتی پرپسندیدگی کا اظہار کیا اوریقین دلایا کہ دونوں ملک اوپک پلس گروپ میں یکجہتی جاری رکھیں گے۔

شیئر: