Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائر کی حرکت قلب ’27 منٹ‘ تک بند، صحت اب بہتر

مصری زائر کی عمر 32 سال تھی۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب کے ایک طبی عملے نے دل کے عارضے میں مبتلا ہو جانے والے مصری عمرہ زائر کی زندگی بچائی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مصری عمرہ زائر کی دل کی حرکت دو بار بند ہو جانے کے باوجود بچا لیا گیا۔ 32 سالہ زائر کے دل کی حرکت مجموعی طور پر 27 منٹ تک بند رہی۔ تنفس میں شدید مشکل کے بعد زائر بے ہوش ہوگیا تھا۔
مکہ مکرمہ ہیلتھ کمپلیکس کا کہنا ہے کہ مصری زائر کو امدادی ٹیم کے ذریعے پہلے حرم ایمرجنسی ہیلتھ سینٹر لایا گیا، اسی دوران اس کے دل کی حرکت بند ہو گئی۔ امدادی ٹیم نے بارہ منٹ تک سپیشل کارروائی کر کے حرکت بحال کی۔ مریض کو حرم ایمرجنسی سینٹر لے جایا گیا۔ جہاں پہنچنے پر دوبارہ زائر کے دل کی حرکت بند ہوگئی۔ امدادی ٹیم نے 15 منٹ تک کارروائی کرکے  الیکٹرک شاک کے ذریعے حرکت قلب بحال کی۔
معالجین کا کہنا ہے کہ مصری زائر کے  مختلف ایکسرے لیے گئے  اور مطلوبہ ٹیسٹ کرائے گئے جن سے پتہ چلا کہ ان کے دل کے عضلات میں مسئلہ ہے اور پھیپھڑوں میں شدید سوزش ہے۔ مریض کو مصنوعی تنفس فراہم کیا گیا۔ ان کو انتہائی نگہداشت کے داخل کیا گیا۔ صحت میں بہتری آنے تک ایمرجنسی وارڈ میں رکھا گیا۔
معالجین کا کہنا ہے کہ تنفس میں ٹھہراؤ آجانے پر مصنوعی تنفس کی مشین ہٹا لی گئی تھی اور مکمل اطمینان ہونے پر زائر کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ اجیاد ایمرجنسی ہسپتال نے  2022 کے دوران 637 مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھ کر سپیشل علاج کیا۔ جس سے انہیں نئی زندگی ملی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: