Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹورنٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کروڑوں کے سامان سے لیس کنٹینر چوری

کارگو کنٹینر میں 2 کروڑ کی مالیت کا سامان موجود تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
کینیڈا میں ٹورنٹو کے پیئرسن انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کارگو کنٹینر چوری ہو گیا ہے جس میں سونا اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹد پریس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کنٹینر میں 2 کروڑ کینیڈین ڈالر کی مالیت کا سامان موجود تھا۔
پیل ریجنل پولیس انسپکٹر سٹیفن ڈوویسٹین نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پیر کی شام کو سونے اور دیگر قیمتی اشیا سے لیس ایک کنٹینر پہنچا تھا جو جہاز سے اتارا گیا اور کارگو ہولڈنگ فیسیلٹی میں محفوظ طریقے سے سٹور کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ معمول کے مطابق ہوائی جہاز سے سامان اتارا گیا اور ہولڈنگ ایریا میں لے جایا گیا، کنٹینر میں سونے کے علاوہ دیگر قیمتی سامان بھی موجود تھا۔
پولیس انسپکٹر کا کہنا تھا کہ ’قیمتی کنٹینر‘ ہولڈنگ فیسیلٹی سے غیرقانونی طریقے سے ہٹایا گیا ہے، تاہم انہوں نے مزید معلومات دینے سے انکار کیا ہے۔
پولیس کو فوراً ہی کنٹینر کی گمشدگی کی اطلاع دے دی گئی تھی۔
کنٹینر چوری ہونے کے واقعے کو تین دن گزر گئے ہیں، ابھی تک کوئی گرفتاریاں عمل میں نہیں لائی گئیں۔
انسپکٹر سٹیفن ڈوویسٹین نے بتایا کہ تمام زاویوں سے دیکھا جا رہا ہے کہ اشیا کس طرح سے چوری ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس تمام معاملے میں کسی پیشہ ور چور کے ملوث ہونے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

شیئر: