Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

82سالہ چوٹالہ نے جیل میں 12ویں کا امتحان پاس کرلیا

ہریانہ۔۔۔۔ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ نے جیل میں 82سال کی عمر میں 12ویںکلاس کا امتحان فرسٹ ڈویژن میں پاس کرلیا۔وہ اپنے دور میں اساتذہ کی بھرتی اسکینڈل میں سزا پانے کے بعد تہاڑ جیل میں 10سال قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ ( این آئی او ایس) کے زیراہتمام تہاڑ جیل میں قیدیوں کیلئے قائم سینٹر میں 12ویں کلاس کا امتحان دیا۔چوٹالہ کے چھوٹے بیٹے ابھے سنگھ چوٹالہ اس وقت ہریانہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔ انہوں نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ چوٹالہ اس دوران اپنے پوتے کی شادی کیلئے پیرول پر رہا کئے گئے تھے لیکن امتحانی مرکز چونکہ جیل میں تھا اس لئے انہوں نے وہاں جاکر امتحان دیا۔ان کے پیرول کی مدت 5مئی کو ختم ہوگئی۔میرے والد نے جیل کی مدت میں بامعنی کام کرنے کا عزم کررکھا ہے۔ روزانہ جیل کی لائبریری جاتے ہیں جہاں اخبارات اور کتابیں پڑھتے ہیں۔ انہوں نے جیل کے عملے سے کہا کہ وہ ان کیلئے پسندیدہ کتابوں کا اہتمام کریں۔ وہ دنیا کے عظیم سیاستدانوں کے بارے میں کتابیں بڑے شوق سے پڑھتے ہیں۔ بعض اوقات ہم سے نصابی کتب بھی منگواتے ہیں۔ایک ریٹائرڈ آئی اے ایس افسراور چوٹالہ کے قریبی ساتھی آر ایس چوہدری نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں گے۔

شیئر: